منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیراہتمام محرم الحرام کے سلسلہ میں محفل ذکر و نعت کا اہتمام

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیراہتمام مورخہ 08 دسمبر 2011ء بروز جمعرات کو بعد نماز عشاء جامع مسجد میں محرم الحرام کی مناسبت سے محفل ذکر و نعت منعقد ہوئی۔ محفل میں علامہ عبدالحفیظ الازہری اور سویڈن سے آئے مہمان سید ذوالفقار شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ آسٹریا اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے ناظم محمد نعیم رضا نے حاصل کی جبکہ محمد ارشد، حاجی شاہد، اور شہریار خان نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے امیر حفیظ اللہ قادری نے منقبت پیش کی۔

علامہ عبدالحفیظ الازہری نے شہدائے کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ معرکہ کربلا حق اور باطل کے درمیان کھلی جنگ تھی۔ یہی وجہ ہے کہ قیامت تک کے لئے حسینی کردار امر ہو گیا جبکہ یزیدی کرداروں کے خلاف آج بھی امت مسلمہ اور خادمین اہلبیت برسرپیکا رہیں۔ واقعہ کربلا ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ہم حق کا علم بلند کرتے ہوئے یزیدی قوتوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ سید ذوالفقار شاہ اور شہریارخان نے حاضرین کے ساتھ مل کر درودوسلام پیش کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر حاجی خواجہ محمد نسیم نے جملہ شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں کو لنگر پیش کیا۔ پروگرام کا اختتام خانوادہ اہل بیت کے شہداء اور جملہ مومنین کے لئے فاتحہ خوانی سے ہوا۔

رپورٹ: محمد اکرم باجوہ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top