منہاج تحفیظ اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم کے زیراہتمام جلسہ شہادت امام حسین علیہ السلام

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں تحریک منہاج القرآن کے پرچم تلے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پوری دنیا میں بالعموم اور پاکستان میں بالخصوص جدید و قدیم علوم کے چراغ جلا کر جہالت کے اندھیرے کو ختم کررہی ہے۔ دنیا بھر میں منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرز، ماڈل سکولز، کالجز اور چارٹرڈ یونیورسٹی قوم کے شعور کو بیدار کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی منہاج تحفیظ القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم ہے جو کہ تحصیل گوجر خان میں واقع ہے۔ محرم الحرام کے سلسلے میں منہاج تحفیظ القرآن مانکیالہ مسلم میں 12 محرم الحرام کو ایک عظیم الشان جلسہ بعنوان شہادت امام حسین علیہ السلام منعقد ہوئی جس کی صدارت علامہ محمد صفدر عثمانی (خطیب جامع مسجد مدینہ مانکیالہ مسلم) نے کی۔ تحریک منہاج القرآن گوجر خان کے تمام فورمز کے ناظمین اور صدور نے خصوصی طور پر پروگرام میں شرکت کی جبکہ دیگر جید علماء کرام کے علاوہ علاقہ بھر کی دیگر تنظیمات، طلبہ و طالبات اور مرد و خواتین کی ایک کثیر تعداد نے پروگرام میں شرکت کر کے اہل بیت اطہار سے اپنی محبت کا ثبوت پیش کیا۔

اس پروگرام میں منہاج تحفیظ القرآن کے طلبہ و طالبات نے بارگاہ رسالت ماب اور بارگاہ سیدالشہداء میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ علامہ صفدر محمد عثمانی نے اپنے مختصر بیان میں محبت اہل بیت کے حوالے سے کہا کہ اہل بیت کی نسبت کے بغیر قربت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دعوی باطل ہے۔ علامہ صفدر عثمانی کی گفتگو کے بعد صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس محمد نعیم چوہدری نے اپنے سفر مراکش و شام کی روداد بھی بیان کی اور کہا کہ اس سفر کی سعادت انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری کے ساتھ نصیب ہوئی۔ اپنے بیان میں جب محمد نعیم چوہدری نے مصلیٰ امام سید الشاہ زین العابدین کا تذکرہ بھی کیا جس مصلے پر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا یہ نوری شہزادہ سانحہ کربلا کے بعد تادم آخر آنسو بہاتا رہا تو نعیم چوہدری اور تمام حاضرین کی آنکھیں بے ساختہ آبدیدہ ہوگیں۔

پروگرام میں خصوصی خطاب علامہ پروفیسر محمد طاہر علوی نے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ کربلا کسی واقعے کا نام نہیں بلکہ کربلا ایک تحریک ہے۔ شیعہ، سنی بھائی بھائی ہیں اور انہیں بھائی بن کر اسلام کی سربلندی کے لئے اور قوموں کی برادری میں اپنے کھوئے ہوئے مقام کے لئے ایک ساتھ جدوجہد کرنا ہوگی، دشمنان اسلام مسلمانوں کے اسی اتحاد سے خائف ہیں۔ اپنے قول و عمل سے انہیں بتادو کہ ہم ایک ہیں۔ عالمی سامراج ہمیں فرقہ واریت میں الجھا کر ہمیں علم کی روشنی سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔ علوم جدید اور جدید ٹیکنالوجی کو ہمارے لئے شجر ممنوعہ قرار دینا چاہتے ہیں۔ انہی مذموم ارادوں کی تکمیل کے لئے وہ ہمارے اتحاد کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ہمارا اتحاد عالمی سامراج کی موت ہے۔ لوگو اس شعور کربلا کو ہر سطح پر زندہ کرو، شعور کربلا کو عوامی تحریک بنا دو، یہی پیغام شعور آج قائد انقلاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پاکستان کے 17 کروڑ غیور عوام کو دے رہے ہیں کہ اٹھو اور وقت کے یزیدیوں کے خلاف علم بغاوت بلند کرو، تاریخ کا رخ بدل دو، عالم کفر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جاؤ۔ علامہ صاحب کے خطاب کے دوران پورے پنڈال سے حسینیت زندہ باد، یزیدیت مردہ باد کے نعرے فضا میں بلند ہوتے رہے۔ پروگرام کے اختتام پر لنگر حسینی تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: قاری حافظ محمد ناصر محمود

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top