قومی حکومت کا قیام ہی ملک کو بحران سے نجات دلا سکتا ہے۔ شیخ زاہد فیاض

اداروں کے درمیان باہمی ٹکراؤ کسی طور درست نہیں، آئینی اتھارٹی کردار ادا کرے

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ قومی حکومت کا قیام ہی ملک کو بحران سے نجات دلا سکتا ہے۔ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے یہ فیصلہ عین قومی مفاد میں ہو گا۔ اداروں کے درمیان باہمی ٹکراؤ کسی طور پر بھی درست نہیں اس لئے آئینی اتھارٹی اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم تب ہوتی ہے جب وہ عوام کی حقیقی نمائندہ ہو۔ موجودہ نظام کے تحت تشکیل پانے والی پارلیمنٹ 2 فی صد طبقے کے حقوق کی محافظ ہے اور 98 فی صد عوام کے حقوق سے اسے کوئی واسطہ نہیں۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی لائیرز موومنٹ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے اداروں کو مستحکم کرنا ہو گا۔ موروثی سیاست کو دفن کرنا ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ چند خاندانوں کو اقتدار میں رہنے کا حق دینے والا انتخابی نظام ہی ملک و قوم کا بدترین دشمن ہے اس لئے قوم اس ظالمانہ اور استحصالی نظام کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ موجودہ انتخابی سسٹم کے تحت ہونے والے انتخابات کی رسم ملک کی کشتی کو بھنور میں پھنسا دے گی اس لئے عوام اپنی ذمہ داریوں کو پہچانیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top