صاحبزادہ امین الحسنات شاہ الازہری کا منہاج القرآن اسلامک سنٹر کھوائی چنگ ہانگ کانگ کا وزٹ

جسٹس(ر) پیر کرم شاہ الازہری کے صاحبزادے اور دارالعلوم بھیرہ کے پرنسپل صاحبزادہ امین الحسنات شاہ الازہری نے مورخہ 07 جنوری 2012ء کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر کھوائی چنگ ہانگ کانگ کا دورہ کیا۔

پیر صاحبزادہ امین الحسنات شاہ الازہری اور ان کے بھائی پیر ابراہیم شاہ ان دنوں ہانگ کانگ کے دورہ پر ہیں جہاں انھوں نے منہاج القرآن کا مرکز دیکھنے اور تنظیمی ساتھیوں سے ملنے کی غرض سے دورہ کیا۔ صدر منہاج القرآن ہانگ کانگ باچہ صاحب، محمد نسیم نقشبندی، محمد سلیمان اور دیگر احباب نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا جس کے بعد ایک خوبصورت تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ سید تنویر حسین شاہ نے حاصل کی جبکہ قاری صابر حسین نے نہایت خوبصورت انداز میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔حافظ محمد نسیم نقشبندی نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں خطاب کی دعوت دی۔

پیر صاحبزادہ امین الحسنات شاہ الازہری نے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہ میں منہاج القرآن کو اپنا گھر سمجھتا ہوں اور دنیا بھر میں جہاں بھی جاتا ہوں منہاج القرآن کے مراکز پر ضرور حاضر ہوتا ہوں اور اسے اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری آج کے دور میں اللہ رب العزت کی طرف سے بہت بڑا انعام ہیں جو دنیا کے ہر سٹیج پر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت ورفعت کا علم بلند کر رہے ہیں۔ایسا شخص مستحق ہے کہ اس سے محبت کی جائے اور اسی لئے میں برملا کہتا ہوں کہ میں ان سے محبت کرتا ہوں۔منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے صدر باچہ صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے اختتام پر منہاج القرآن ہانگ کانگ کی طرف سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں خصوصی ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اختتامی دعا کے بعد معزز مہمان مرکزسے روانہ ہوئے ۔

رپورٹ: حافظ محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top