عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس آج ہو گی، تیاریاں مکمل

مینار پاکستان کے سبزہ زار میں لاکھوں عشاق اپنے آقا و مولا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں گے
جامعۃ الازہر کے وائس چانسلر مہمان خصوصی ہوں گے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ویڈیو خطاب ہو گا
عالمی میلاد کانفرنس کے مقاصد میں سب سے مقدم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ادب کا شعور بیدار کرنا ہے
معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے سکونی، بے چینی و اضطراب سے نجات کا ذریعہ بھی میلاد النبی کی محافل کا انعقاد ہے
عالمی میلاد کانفرنس کے سربراہ شیخ زاہد فیاض کی مینار پاکستان کے سائے تلے پریس کانفرنس

عالم اسلام کی سب سے بڑی 28 ویں سالانہ میلاد کانفرنس آج ہو گی۔ مینار پاکستان کے سبزہ زار میں لاکھوں عشاق اپنے آقا و مولا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں گے۔ بیرون ملک اور ملک بھر سے ہزارہا بسوں کے قافلے مینار پاکستان پہنچیں گے۔ minhaj.tv اور نجی ٹی وی چینل کے ذریعے تحریک منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں براہ راست دیکھی جائے گی، اس طرح بالواسطہ طور پر کانفرنس میں کروڑوں افراد شرکت کریں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے۔

جامعۃ الازہر کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسامہ محمد العبد مصر سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ میلاد کانفرنس میں صاحبزاہ سید بلال چشتی اجمیر شریف، پیر حمید جان سیفی، پروفیسر سلیم اللہ اویسی کاظمی، مخدوم چن پیر قادری، مخدوم نفیس الحسن بخاری، پیر طاہر زنجانی، پیر شہزاد مجددی، فرانس سے حاجی محمد گلزار، ا وردیگر مذاہب کے رہنماء بھی شرکت کریں گے۔

لاہور : تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مینار پاکستان کے سائے تلے ہونے والی 28 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہونے پر سربراہ میلاد کانفرنس شیخ زاہد فیاض پریس کانفرنس کر رہے ہیں جبکہ قاضی فیض الاسلام، محمد جواد حامد، محمد عاقل ملک، ساجد حمید اور شمیم نمبردار بھی اس موقع پر موجود ہیں۔

ملک کے نامور نعت خوان مرغوب احمد ہمدانی، اختر قریشی، محبوب ہمدانی، فرحان قادری، شہزاد مجددی، فرقان قادری، عابد رؤف، ایم علی سہروردی، صغیر احمد نقشبندی، فیصل نقشبندی اور احمد جماعتی آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔  لاہور شہر میں عالمی میلاد کانفرنس کے بڑے بڑے ہورڈنگز، بینرز آویزاں ہیں اور پورے شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ مینار پاکستان کے پنڈال میں خواتین ہزاروں کی تعداد میں شرکت کریں گی اور ان کیلئے الگ با پردہ انتظام کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سنیئر نائب ناظم اعلیٰ اور عالمی میلاد کانفرنس کے سربراہ شیخ زاہد فیاض نے مینار پاکستان کے سائے تلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محمدجواد حامد، محمد عاقل ملک، شمیم احمد نمبردار، ساجد حمید، محمد اسحاق، حاجی محمد الیاس اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہاکہ عالمی میلاد کانفرنس گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پورا سال پڑھا جانیوالا درود پاک حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جائے گا۔

سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہو گی جبکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹو ڈنٹس موومنٹ کے 2000 نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ مینار پاکستان کے سبزہ زار میں 4 دیو ہیکل LED سکرینز لگائی گئی ہیں جن کے ذریعے پنڈال میں دور دور تک بیٹھے افراد سٹیج کی کارروائی کو واضح طور پر دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عالمی جشن کے طور پر منارہی ہے۔ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ میں پوری قوم کو آج کی پریس کانفرنس کے ذریعے درخواست گزار ہوں کہ ہر گھر کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقوں سے سجایا جائے۔ گھر وں میں بچوں کے ہمراہ میلاد مصطفیٰ کی ولادت کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں، ربیع الاول کے کارڈ اور تحائف کا تبادلہ کیا جائے۔ صاف ستھرے لباس پہن کر خوشبو لگائی جائے اور ان دنوں کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق میں ڈوب کر گزارا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے مقاصد میں سب سے مقدم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ادب کا شعور بیدار کرنا ہے کیونکہ ذات سے محبت کے بعد انکی تعلیمات کو سمجھنے اور عمل کرنے کی تحریک ملتی ہے۔ معاشرے میں بڑھتی ہوئی بے سکونی، بے چینی و اضطراب سے نجات کا ذریعہ بھی میلاد النبی کی محافل کا انعقاد ہے۔

عالمی میلاد کانفرنس کے تسلسل نے پورے ملک میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے عقیدے کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، تنگ نظری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رویوں کے خاتمے کیلئے ناگزیر ہے اور تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں ان رویوں کے خاتمے کیلئے برسر پیکار ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top