منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیر اہتمام بارہویں سالانہ مرکزی میلاد کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے زیر اہتمام مورخہ 04 فروری 2012ء بروز ہفتہ منہاج کلچر سنٹر ویانا میں بارہویں سالانہ میلاد کانفرنس منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم (برطانیہ) کے ڈائریکٹر علامہ محمد اشفاق عالم قادری تھے جبکہ محفل کی صدارت منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے کی۔

میلاد کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پا ک سے ہوا جس کی سعادت محمد یوسف غوری نے حاصل کی۔ محفل کی نقابت کے فرائض منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریاکے جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا نے اد اکئے۔ میلاد کانفرنس کا خطبہ استقبالیہ خواجہ محمد نسیم نے پیش کرتے ہوئے جملہ شرکائے کانفرنس کو خوش آمدید کہا اور مبارکباد پیش کی کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولاد ت کی خوشی کو منانے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔شہریا ر خان، حاجی اکبر علی، علی طارق، عثمان شاہد، نوار خان، زبیر اعوان، عمیر اعوان، حسنین یوسف، امجد علی، سیف الاسلام نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں انتہائی محبت اور عقیدت سے نعت کی صورت میں پھول نچھاور کئے۔

پروگرام میں نور اسلام ک سنٹر کے خطیب علامہ عبدالحفیظ الازہری، حافظ محمداشفاق اعوان،مسلم کمیونٹی کے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر عمر الراوی، ایرانی علی مسجد کے خطیب علامہ المنتظری، منہاج القرآن کے لیگل ایڈوائزرنو مسلم آسٹرین ابراہیم اسٹیج پر جلوہ افروز تھے۔مسلم کمیونٹی کے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر عمر الراوی نے جرمن زبان میں مختصر تقریر کرتے ہوئے منہاج القرآن کی انتظامیہ کو شاندار میلاد کانفرنس کا انعقاد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ ایرانی علی مسجد کے خطیب علامہ المنتظری نے بھی جشن میلاد کے حوالہ سے عربی زبان میں مختصر خطاب کیا۔

محفل کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل برمنگھم(برطانیہ) کے ڈائریکٹر علامہ محمد اشفاق عالم قادری نے اردو اور انگلش میں میلاد پاک پر خصوصی خطاب کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسان جو بھی عمل صدق دل اور محبت سے کرتا ہے وہ اللہ رب العزت کی بارگاہ میں قبول ہوتاہے۔ حضرت داؤد علیہ السلام نے ایک مرتبہ اللہ ر ب العزت سے درخواست کی کہ اے میرے مولا میزان محشر میں جو آپ آخرت میں دکھائیں گے مجھے دنیامیں دکھا دیں، اللہ اپنے محبوب بندوں کی دعاؤں کو رد نہیں فرماتااور دعا قبول فرمالی اور وہ میزان حضرت داؤد علیہ السلام کو دکھایا گیا۔ جس کا ایک پلڑااتنا بھاری تھا کہ وہ زمین پر لگ گیااور آپ پر غشی طاری ہوگئی جب ہوش آیا اور طبعیت میں کچھ آفاقہ ہوا تواللہ رب العزت نے فرمایا اے داؤد اگر میر ابندہ کھجور کی ایک کھڑی کے برابر خلوص اور محبت سے عمل کرے گا میں اس عمل سے اس میزان کو بھر دوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جو انسان مسلمان بھائی کا جنازہ پڑھے اسے ایک قیرات ثواب ہے اور جو جنازہ کے بعدتدفین تک رکے اسے دوقیرات کا ثواب ملے گا، صحابہ نے پوچھا قیرات کیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ایک قیرات احد پہاڑ جتنا ہے یہ خدا کی رحمت نہیں تو اور کیا ہے ۔انہوں نے میلاد پاک اور عمل صالح کے موضوع پر مدلل خطا ب کیا جسے شرکائے محفل نے بڑے انہماک سے سنا۔

علامہ اشفاق عالم قادری کے خطاب کے بعد ورلڈ ٹریڈاینڈ ٹور کی جانب سے میلاد کانفرنس میں عمرہ کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی ہوئی جو مسلم کمیونٹی کے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر عمر الراوی نے کی جس میں ملک خلیل کے بیٹے کا عمرہ کا ٹکٹ نکلا جس پر تمام حاضری نے بلند آواز سے نعرہ تکبیر ورسالت بلند کئے جس سے فضا میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کی خوشبو پھیل گئی۔

منہاج القرآن آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیاجن میں آسٹرین مسلم تنظیموں، العصر اسلامک سنٹر، مسجد المدینہ، نور اسلامک سنٹر، ایرانی اسلامک سنٹر، پاک فالکن کلب، پاکستان کرکٹ کلب، منہاج میڈیا یورپ کے ڈائریکٹر محمد اکرم باجوہ، بابائے صحافت اور معروف سماجی شخصیت محمد بشیر ناصر اور اقبال غوری کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کانفرنس کو کامیاب بنانے میں اپنے بھر پور تعاون پیش کیا۔اختتام پر خواجہ محمد نسیم نے منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کی کارکردگی پیش کی اور عوام الناس کو منہاج القرآن میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ پروگرام کے اختتام پر مراقبہ ہال ویانا کے کوآرڈینیٹر محمد آفتاب سیفی اور محبوب ربانی نے حاضرین کے ساتھ مل کر درود وسلام پیش کیا۔ آخر میں علامہ محمد اشفاق عالم نے رقت آمیز دعا میں امت مسلمہ، پاکستان کی ترقی، حاضرین کی جائز خواہشات اور لواحقین کے لئے، شفیق الرحمن ہاشمی، جواد احمد اور اطہر اقبال کی صحت کے لئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت اور حفاظت کے لئے بھی خصوصی الفاظ کے ساتھ دعا کی۔ محفل کے اختتا م پر حاضرین کو منہاج ڈنر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: محمد اکرم باجوہ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top