تحریک منہاج القرآن شرقپور شریف کے زیراہتمام 50 واں درس عرفان القرآن بسلسلہ میلاد النبی (ص)

تحریک منہاج القرآن تحصیل شرقپور شریف نے 12 ربیع الاول بمطابق 5 فروری کو 50 واں گولڈن جوبلی درس عرفان القرآن بسلسلہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم نور محل شادی ہال شرقپور میں منعقد کیا جس میں شرقپور شریف اور گرد و نواح سے ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ پروگرام کی تیاریاں یکم ربیع الاول سے ہی شروع کر دی تھیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس مومنٹ کے نوجوانوں رانا محمد عثمان غنی، حافظ حسن طارق وغیرہ نے 11 دن لگاتار دعوتی کیمپ کا اہتمام کیا جس میں عالمی میلاد کانفرنس کے علاوہ درس عرفان القرآن کی دعوت بھی دی گئی۔ جس کی وجہ سے 12 ربیع الاول کے دن صبح ہی سے خواتین و حضرات کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز الشیخ القاری محمد ظفر اقبال زین العابدین الازہری کی دلآویز تلاوت سے ہوا جس کے بعد سلسلہ نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا جس کی سعادت شیخ شبیر احمد مدنی، حافظ حسن طارق، محمد احسن مدنی، محمد حسن آصف، ضعیم نور اور صوفی محمد رمضان صاحب نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تحصیل شرقپور شریف کے صدر رانا محمد عثمان غنی نے انجام دیئے۔ مہمانان گرامی میں علی اصغر منڈا ایم پی اے، میاں عمران علی اشرف، حاجی محمد الیاس، حاجی عبد المصطفی، منیب الرحمن شیخ تھے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا "درود و سلام کی فضیلت و اہمیت" کے موضوع پر خطاب بھی دکھایا گیا جسے تمام حاضرین نے بہت پسند کیا۔

درس عرفان القرآن کے لیے مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت علامہ ڈاکٹر غلام مرتضی علوی تشریف لائے جنہوں نے "حضور دعائے کائنات ہیں" کے دلفریب موضوع پر خطاب کیا اور کہا کہ آدم علیہ السلام سے لے کر عیسی علیہ السلام تک تمام انبیاء اور مخلوقات حضور علیہ الصلوۃ والسلام کے وسیلے سے اپنی حاجات کو پورا کرتے رہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی عمر بھر کی قربانیوں اور نوکری کا صلہ میں آقا علیہ الصلوۃ والسلام کو اپنی اولاد میں مانگا تو عیسی علیہ السلام نے خود کو حضور کی امت میں شامل ہونے کی دعا کی۔ غرض یہ کہ تمام کائنات آقا علیہ الصلوۃ والسلام کے لیے دعائیں مانگتی رہی۔ آخر میں تحریک منہاج القرآن کا پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میلاد ضرور منایا جائے لیکن ساتھ ساتھ غلامی کا تقاضا یہ ہے کہ سنت مصطفی کو بھی اپنایا جائے۔

پروگرام کے آخر میں میاں عمران علی اشرف، شیخ ندیم احمد انتظامیہ نور محل شادی ہال کی طرف سے آقا علیہ الصلوۃ والسلام کے یوم میلاد کی خوشی میں 200 پاونڈ کا کیک کاٹا گیا اور حاضرین میں تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top