آسٹریا: محمد اکرم باجوہ کی رہائش گاہ پر محفل میلاد کی پر وقار تقریب

جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں مورخہ 03 فروری 2012ء بروز جمعہ شام سات بجے منہاج کوآرڈینیشن بیورو (منہاج یورپین کونسل) آسٹریا کے کوآرڈینیٹر محمد اکرم باجوہ نے اپنی رہائش گاہ (باجوہ ہاؤس ) میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس میں منہاج القرآن برمنگھم یوکے کے ڈائریکٹر علامہ محمد اشفاق عالم قادری الازہری نے خصوصی شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد نعیم رضا نے حاصل کی، محمد اکرم باجوہ کی بیٹی الیزا مریم نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔محفل میلاد میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم، امیر حفیظ اللہ قادری، سینئر نائب صدر ملک محمد امین اعوان، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن آسٹریا کے صدر ملک محمد شفیع اعوان، منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے ناظم محمد نعیم رضا، پریس سیکرٹری حاجی قاسم علی، حاجی فضل حسین، محمد شاہد، منہاج القرآن یوتھ لیگ آسٹریا کے صدر عمیر الطاف، منہاج ویمن لیگ آسٹریا کی صدر مسز خواجہ الماس اور دیگر خواتین نے شرکت کی۔محمد اکرم باجوہ نے معزز مہمانوں کا باجوہ ہاؤس پہنچنے پر استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

علامہ محمد اشفاق عالم قادری نے میلادا لنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر میلاد منانے کے حوالہ سے کہا کہ ہم کتنے خوش نصیب ہیں کہ ہمیں اللہ رب العزت نے اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت میں سے پیدا کیا اور ہمیں توفیق دی کہ ہم اس کے محبوب کی ولادت کی خوشیاں مناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے قرآن حکیم میں خود ارشاد فرمایا کہ جب تم پر میری رحمت اور فضل آجائے تو خوب خوشیاں مناؤ، اب اللہ رب العزت کی سب سے بڑی رحمت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ ہے کیونکہ خود اللہ رب العزت نے اس کی تشریح فرمادی کہ ہم نے محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سراپا رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ لہذا اس نعمت اور احسان کا شکر اداکرتے ہوئے ہمیں خوشیاں کرنی چاہیئے۔ یہ خوشیاں لائٹنگ کر کے بھی ہوسکتی ہیں، غریبوں اور مسکینوں میں کھانا اورکپڑے تقسیم کر کے بھی ہو سکتی ہیں، جشن منا کر اور جلوس نکال کر بھی ہو سکتی ہیں الغرض جو بھی عمل ہم دنیاوی زندگی میں خوشی کے میسر آنے پر مناتے ہیں ان سب سے بڑھ کر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی کو منانا چاہیئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے امیر حفیظ اللہ قادری نے حاضرین کے ساتھ مل کر درود وسلام پڑھا، آخر میں علامہ محمد اشفاق عالم قادری نے رقت آمیز دعا کرائی جس میں امت مسلمہ، پاکستان کے حالات اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت، تندرستی اور سلامتی کی دعا کی۔دعا کے بعد شرکائے محفل کو میلاد ڈنر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: محمداکرم باجوہ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top