منہاج القرآن انٹرنیشنل (کھوائی چنگ) ہانگ کانگ کے زیر اہتمام محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے زیر اہتمام مورخہ 04 فروری 2012 بروز ہفتہ اسلامک سنٹر کھوائی چنگ میں سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی جس میں شرکاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی جس کی وجہ سے ہال کھچا کھچ بھر گیا اور لوگ کھڑے ہو کر پروجیکٹر کے ذریعے ہال سے باہر بھی پروگرام دیکھتے رہے۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہو اجس کی سعادت اسلامک سنٹر کے طالب علم حافظ محمد عمران نے حاصل کی۔ سید تنویر حسین شاہ، حاجی محمد یوسف، قاری قدرت اللہ سلطانی اور قاری صابر حسین صابری نے خوبصورت انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔حافظ محمد نسیم نقشبندی نے محمد رسول اللہ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معنی ومفہوم اور فضائل بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ خدا کی بارگاہ تک رسائی حاصل کرنے کا ایک ہی ذریعہ ہے اور وہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدا نے ہمیں قرآن، دین اسلام اور ایمان کی دولت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وسیلے سے عطا کی ہے لہذا اگر اپنے رب سے ملنا چاہتے ہوتو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ سے اپنا تعلق پختہ کر لو۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج منہاج القرآن انٹرنیشنل نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں ایک نعرہ دیا ہے، آؤ کہ حضور (ص) سے عہد وفا کریں لہذا آؤ ہم اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں اورایسی وفا کہ جان چلی جائے مگرعظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حرف نہ آئے۔اس عظیم الشان محفل میں بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئر مین سعید الدین، پاکستان ایسوسی ایشن کے صدر قمر منہاس، ادارہ منہاج القرآن ہانگ کانگ کے صدر محمد باچہ، منہاج ایشیئن کونسل کے سیکرٹری جنرل امجد نیاز، کیلیفورنیا سکول کے پرنسپل پرویز اختر کے علاوہ جاوید شہاب، چودھری محمد نجیب، پاکستان اسلامک ویلفیئر یونین کے چیئرمین محمد لیاقت، سلطان باہو سوسائٹی کے صدر لشکر اعوان اور دیگر احباب نے خصوصی شرکت کی۔ محفل کے اختتام پر شرکاء کے لئے ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ:حافظ محمد نسیم نقشبندی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top