دنیا میں پارلیمانی جمہوریت کی بانی مغربی دنیا نہیں بلکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدس ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 03 مارچ 2012ء

دہشت گرد ی کا تعلق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہو سکتا ہے اور نہ نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے
بھارتی حیدر آباد کی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع میں شریک لاکھوں مسلمانوں کے سمندر سے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کا خطاب

بھارتی حیدر آباد کی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع میں شریک لاکھوں مسلمانوں کے سمندر سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ اسلام سے بڑھ کر نفس انسانی کا احترام کسی مذہب میں نہیں۔ مسلمان اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق کو مضبوط کریں کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نہ صرف اس دنیا میں بلکہ قبر برزخ اور قیامت میں ہر جگہ کام آئینگے۔ مسلمان حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پاک، اسوہ حسنہ پر عمل کریں تو دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری احیائے اسلام کل ہند مجلس اتحاد مسلمین کے 54 سال کی تکمیل کے ضمن میں بھارتی حید ر آباد میں سیرت النبی کانفرنس بعنوان ’’اتحاد امت‘‘ پر منعقدہ تاریخی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ جس کی نگرانی نقیب ملت صاحبزادہ اسد الدین اویسی صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدر آباد نے کی۔ دارلسلام کا وسیع و عریض میدان اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کر رہا تھا۔ تا حد نظر سروں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دکھائی دے رہا تھا۔ دارلسلام کا نہ صرف اندرونی حصہ پر ہو چکا تھا بلکہ بیرونی راستوں پر بھی لاکھوں فرزندان اسلام ڈاکٹر طاہر القادری کو سُننے کیلئے جمع ہو گئے تھے جو وقفہ وقفہ سے نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور نعرہ رسالت یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعرے لگا رہے تھے۔ یہ دارالسلام حیدر آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے قرآن مجید و کتب حدیث کے حوالہ سے مسلمانوں کو ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں اگر کوئی اختلاف ہو تو مشاورت کے ذریعے ختم کیا جائے۔ مسلمان اکثریتی جماعت کے ساتھ جڑے رہیں، اجتماعیت کا ساتھ دیں، تفرقہ سے بچیں، مسلمان الگ الگ ٹکڑوں میں ہو نگے تو ان پر شیطان اس طرح حملہ کرے گا جس طرح تنہا بکروں پر بھڑیے حملہ کرتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اسلام کی بنیاد تین چیزوں ایمان، نماز اور جماعت ہے۔ جس نے جماعت سے ایک بالشت علیحدگی اختیا رکر لی گویا اسلام کا پٹہ گردن سے نکال دیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دنیا میں پارلیمانی جمہوریت کی بانی مغربی دنیا نہیں بلکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدس ہے۔ آپ سراپا امن و رحمت ہیں۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ دہشت گردی کا تعلق اسلام سے ہے تو وہ غلطی پر ہے۔ دہشت گرد ی کا تعلق نہ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہو سکتا ہے اور نہ نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا جمہوریت، انسانی حقوق، بچوں اور عورتوں کے حقوق کی باتیں کر رہی ہے لیکن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایسے وقت میں انسانی حقوق کو دنیا کے سامنے پیش کیا اور امن و محبت کا پیغام دیا جب اس طرح کی بات نہ سنی جاتی تھی اور نہ ہی بولی جاتی تھی۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو شفاعت کا اختیار دیا گیا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے گناہگاروں کیلئے شفاعت کا حق اختیار کیا۔ آپ کی تعلیمات گناہ سے نفرت کرنا ہے گنہگاروں سے نہیں۔ شیخ الاسلام نے کہا کہ اسلام سے بڑھ کر کسی مذہب میں نفس انسانی کے احترام کا فلسفہ پیش نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے عمل کے ذریعے مختلف موقعوں پر جانوروں کے حقوق کی تربیت دی۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنے تعلق کو استوار اور مضبوط کریں۔ مسلمان اسوہ حسنہ کو اپنائیں اور سیرت پاک پر عمل پیرا ہو جائیں تو دنیا و آخرت میں سر خرو ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اہل دکن کے عشق و محبت کو دیکھ کر اویس قرنی رحمۃ اللہ علیہ کی یاد آتی ہے۔ انہوں نے مجلس اتحاد مسلمین کے 54ویں یوم تاسیس کے موقع پر دعا کی کہ اللہ مجلس کے کارواں میں خیر و برکت عطا کرے اسے ترقی دے اور کامیابی سے ہمکنار کرے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top