نظامت تربیت کے زیراہتمام مرکز میں عرفان القرآن کورس کی افتتاحی تقریب

مورخہ: 01 مارچ 2012ء

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں عرفان القرآن کورس کا آغاز ہوا۔ جس کی افتتاحی تقریب مورخہ 01 مارچ 2012ء بروز جمعرات شام 5 بجے منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری غلام ربانی نے حاصل کی۔ اس کے بعد علامہ حافظ محمد عمیر نے سیدنا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں نعت شریف پیش کی۔ اس تقریب میں نقابت کے فرائض محمد منہاج الدین نے سرانجام دئیے۔

حمد ونعت کے بعد تمام شرکاء کو سینئر نائب ناظم تربیت علامہ حافظ محمد شریف کمالوی نے عرفان القرآن کورس کی افادیت و اہمیت، انفرادیت اور خصوصیات کے بارے میں نہایت بلیغ انداز میں بریف کیا۔ اس بریفنگ کے بعد حاضرین کے تاثرات میں سے یہ جملہ نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ عربی زبان کو اگر وقت دیا جائے اور محنت کی جائے تو یہ زبان نہایت آسان ہے۔

مرکزی نظامتِ تربیت کے ناظم علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے تمام شرکاء کو عرفان القرآن کورس کے ساتھ ساتھ نظامت تربیت کے تحت ہونے والے جملہ کورسز کے مقاصد اور تسلی بخش نتائج سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نظامت تربیت کے جملہ خدماتی پہلوؤں کا بھی احاطہ کیا۔

علامہ نے تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک کے بارے میں نہایت اچھوتے انداز سے تعارف وخدمات کو لوگوں تک پہنچایا اور گفتگو کے آخر میں حاضرین کو اس بات سے آگاہ کیا کہ تمام مسلمانوں اور عالم اسلام کی فلاح وبقا اللہ تعالیٰ کی بندگی، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سچی غلامی و وفاداری، قرآن اور دین اسلام سے مضبوط تعلق اپنانے میں ہی ہے۔ جس کی تائید حاضرین کی رقت آمیز کیفیت سے ظاہر ہو رہی تھی۔ تقریب کے اختتام پر عالم اسلام کی امن وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئ۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top