پوری قوم افواج پاکستان کے جوانوں کے زندہ و سلامت بچ نکلنے کیلئے دست دعا بلند کیے ہوئے ہے۔ فیض الرحمن درانی

المناک حادثے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں ساری پاکستانی قوم برابر کی شریک ہے
امت مسلمہ افواج پاکستان کے ان جوانوں کی زندگیوں کیلئے دعائے مسلسل جاری رکھے
مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کی پاک فوج کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب

پاک فوج کے ہزاروں جوان منفی 40 ڈگری تک پہنچ جانیوالے بے رحم موسم کی چیرہ دستیوں کے باوجود دفاع وطن کا عظیم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ برفانی تودے کے المیہ سے کسی زی روح کا زندہ و سلامت بچ نکلنا یقینا ً کسی معجزہ سے کم نہ ہوگا، لیکن کروڑوں پاکستانیوں کی دعاؤں میں وہ معجزاتی قوت ہے کہ وہ ناممکن کو ممکن بنانے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اس وقت پوری قوم افواج پاکستان کے ان جوانوں کے زندہ و سلامت بچ نکلنے کیلئے دست دعا بلند کئے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر پاک فوج کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر عبید اللہ رانجھا، جی ایم ملک، ساجد بھٹی، سہیل رضا، جواد حامد اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دعائیں جو صدق دل اور نیت سے مانگی جائیں اور جن میں دل کی تڑپ شامل ہو وہ مستجاب ہوتی ہیں۔ آج تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ اس دعائیہ تقریب کے ذریعے ہم ساری امت مسلمہ سے استدعا کرتے ہیں کہ وہ افواج پاکستان کے ان جوانوں کی زندگیوں کیلئے دعائے مسلسل جاری رکھیں جو 15 ہزار فٹ کی بلندی پر جہاں درجہ حرارت منفی 20 ڈگری ہوتا ہے دفاع پاکستان کا فریضہ انجام دے ہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس قومی سانحہ میں شہادت پانے والے اپنے غیور بیٹوں اور بھائیوں کی جانبازی اور دلیری پر پورہ قوم کو ناز ہے اور قوم انکے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہے۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ اس المناک حادثے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں ساری پاکستانی قوم برابر کی شریک ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top