توانائی کے بحران سے بے روزگاری اور جرائم کی شرح میں مہلک اضافہ ہو رہا ہے۔ رحیق عباسی

موجودہ انتخابی نظام کے تحت صرف کردار بدلتے ہیں، حالات نہیں
حالات کو سدھارنے اور حقیقی تبدیلی کیلئے فرسودہ نظام انتخاب کو دریا برد کرنا ہوگا

پاکستان کی قومی زندگی میں بحرانوں کا سلسلہ ماضی کی طرح جاری ہے۔ مہنگائی کی ’’بلائے بے درماں‘‘ نے عوامی زندگی کو جس بے دردی سے جکڑ رکھا ہے اس سے نجات کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی بلکہ روز بروز اسکی بے رحم گرفت میں شدت پیدا ہوتی جارہی ہے۔ مصائب و آلام نے عوامی زندگی کو لہو لہان کررکھا ہے۔ لوڈشیڈنگ کے عذاب اور گیس کی کمیابی نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ توانائی کے بحران سے بے روزگاری اور جرائم کی شرح میں مہلک اضافہ ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پنجاب کے امیر احمد نواز انجم کی قیادت میں آ ئے ہوئے عہدیداران سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بشیر خان لودھی، توقیر گیلانی، قاری ریاست، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، پروفیسر ذوالفقار علی اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ انتخابی نظام کے تحت صرف کردار بدلتے ہیں اور اگر فرق پڑتا ہے تو صرف اتنا کہ عام شہری کی زندگی کی ابتری اور مصائب و مسائل میں اضافہ ہو جا تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم مزید ابتری سے بچنے کیلئے موجودہ فرسودہ نظام انتخاب میں تبدیلی کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے روشن مستقبل کیلئے راہ عمل اختیار کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حالات و واقعات عوام کے سامنے ہیں۔ پاکستان میں کرپشن، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بدامنی اور دہشت گردی میں اضافے نے اس حقیقت کو قوم کے سامنے واضح کر دیا ہے کہ اب مسئلہ صرف چند چہروں کا نہیں جن کے بدلنے سے عوام کے اور ملک کے حالات بدل جائیں گے بلکہ حالات کو سدھارنے اور حقیقی تبدیلی کیلئے اس فرسودہ نظام کو دریا برد کرنا ہوگا، اس موجودہ نظام انتخاب نے سوائے کرپشن، بدعنوانی اور ناہل قیادت کے اور کچھ نہیں دیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top