نظامت تربیت کے زیراہتمام عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مورخہ 21 اپریل 2012ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں عرفان القرآن کورس کی 40 روزہ کلاس کی اختتامی تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی۔ جس میں نائب ناظم اعلیٰ دعوت وتربیت تحریک منہاج القرآن رانا محمد ادریس قادری، ناظم تربیت غلام مرتضیٰ علوی، ناظم عرفان القرآن کورسز محمد شریف کمالوی، نائب ناظم تربیت علامہ غلام ربانی تیمور اور سینئر نائب ناظم حلقات درود و فکر محمد لطیف مدنی کے علاوہ طلبہ نے بھی شرکت کی۔

اس کورس کی خاص بات یہ ہے کہ تجوید کے ساتھ ساتھ ترجمہ، تفسیر، حدیث، فقہ، گرائمر اور مسنون دعائیں بھی پڑھائی گئیں۔ کلاس میں تقریبا 45 مردوں اور 5 خواتین نے داخلہ لیا اور کورس مکمل کیا۔ تدریس کے فرائض علامہ محمد شریف کمالوی اور علامہ محمد منہاج الدین قادری نے سرانجام دیئے۔ اس کورس کے طلبہ میں سے حافظ محمد اعجاز، محمد اسلم قادری، مختار احمد قادری، محمد زاہد خان، راجہ زاہد محمود قادری، خادم حسین قادری، محمد علیم افضل اور منور سطانہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کورسز زیادہ سے زیادہ ہونے چاہیں۔ ہم نے 40 روزہ اس کورس کے ذریعے اتنا کچھ سیکھا ہے جو شاید کئی سالوں میں بھی نہ سیکھ پاتے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ نے بڑی محنت اور محبت سے ہماری رہنمائی کی، قرآنی تعلیمات سے آشنا کیا اور قرآن مجید کا ترجمہ کرنے کے قابل بنایا۔

تقریب سے نائب ناظم اعلی ٰ دعوت و تربیت تحریک منہاج القرآن رانا محمد ادریس قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کورس انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جنہوں نے محنت اور جدوجہد سے شرکاء کلاس کی تدریس کی۔ انہوں نے شرکاء کورس سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ جو آپ نے سیکھا اور سمجھا ہے اسے عام کرنے کیلئے بھرپور کوشش کریں۔ الحمدللہ تحریک منہاج القرآن کا مرتب کیا ہوا یہ کورس بہت آسان اور عام فہم ہے۔ اسے پڑھنے کے بعد طلبہ و طالبات اس قابل ہو جاتے ہیں کہ ازخود ترجمہ قرآن کر لیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن قرآن وسنت کی تعلیمات کو معاشرے کے ہر فرد تک پہنچانا چاہتی ہے۔ جس کے لیے وہ اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے یہ فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

تقریب سے ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسی طرح کے کورسز پورے پاکستان میں منعقد کر رہے ہیں بلکہ بیرون ممالک میں Online انٹرنیٹ کے ذریعے اس کا اجرا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ذرائع اپنانے سے امت زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکتی ہے۔ دین اسلام میں علم وآگہی کے چراغ جلانے کی بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے بلکہ کامیابی کی روح ہی تعلیم وتربیت کی بنیادوں سے استوار ہوتی ہے۔

تقریب سے علامہ شریف کمالوی، علامہ محمد منہاج الدین قادری، علامہ غلام ربانی تیمور اور علامہ محمد لطیف مدنی نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر تمام انسانیت، ارض پاکستان کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ : عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top