چیچہ وطنی، ماہانہ درس حدیث کا پہلا پروگرام

تحریک منہاج القرآن تحصیل چیچہ وطنی کے زیراہتمام مورخہ 27 اپریل 2012ء کو ٹینکی پلاٹ متصل مرکز اہلسنت نور المساجد میں عقائد واعمال کی اصلاح کیلئے درس حدیث کا پہلا پروگرام منعقد ہوا۔ اس ماہانہ درس حدیث میں مرد وخواتین کی کثیر تعداد اور علماء کرام و تاجر حضرات نے ذوق و شوق سے شرکت کی۔ مرکزی نظامت دعوت اور تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی کے فیصلہ کے مطابق اب ہر ماہ کے آخری جمعتہ المبارک کو یہ ماہانہ درس حدیث کا پروگرام منعقد ہوا کرے گا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد سرور کائنات حضور نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت اور درود شریف کا نذرانہ پیش کیا گیا۔

مرکزی نائب ناظم اعلی دعوت وتربیت منہاج القرآن انٹرنیشنل لاہور علامہ رانا محمد ادریس قادری نے پہلا درس حدیث شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تالیف "المنہاج السوی من الحدیث النبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم" سے دیا۔ انہوں نے چیچہ وطنی میں عوام کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ملک بھر میں ماہانہ دروس عرفان القرآن کامیابی سے جاری ہیں اسی طرح دروس حدیث شروع کرنے کا پروگرام تحریک منہاج القرآن چیچہ وطنی کی تجویز پر مرکزی نظامت دعوت نے ترتیب دیا ہے۔ انہوں نے اس اعزاز پر تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ تحصیل چیچہ وطنی کو مبارک باد اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سب کے لیے دعائے خیر کی اور کہا کہ جلد ہی دروس حدیث کا سلسلہ پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خالق ومالک اللہ تعالی نے فرمایا، اطاعت کرو اللہ تعالی کی اور اطاعت کرو رسول کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی، حضور نبی کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت بھی درحقیقت اللہ تعالی کی اطاعت ہے۔ لہذا اگر کوئی شخص حجیت حدیث کا انکار کرتا ہے تو درحقیقت وہ قرآن پاک کا انکار کرتا ہے اور اس کی بدنیتی مقام رسالت کے بھی خلاف ہے اور وہ دائرہ ایمان سے خارج ہے۔ اس لئے قرآن اور حدیث دونوں ہی کو ماننا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں نماز روزہ حج اور دیگر عبادات و اعمال کا حکم تو موجود ہے مگر ان کی ادائیگی کے لیے ہمیں حدیث شریف سے مکمل راہنمائی لینا پڑتی ہے اور حدیث سے راہنمائی لئے بغیر ارکان اسلام کی ادائیگی ممکن نہیں۔ اور کئی احکامات اسلام میں آقا کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی سنت مبارکہ سے ہی راہنمائی ملتی ہے۔ قرآن پاک کی تشریح کیلئے خالق و مالک عزوجل نے حضور صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں حاضری اور محبت واتباع کو لازم قرار دیا ہے۔

 انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ مقام رسالت اور حجیت حدیث پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ایک سو دس کے لگ بھگ لیکچرز اے آر وائی کیو ٹی وی پر چل چکے ہیں اور پانچ دن تک مسلسل انتہائی کامیاب دورہ انڈیا کے دوران حیدرآباد دکن میں آپ نے دروس حدیث اور مقام رسالت پر لیکچرز دیے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دروس حدیث میں قرآن و حدیث کے باہمی ربط کے بارے میں تفصیلی خطابات ہوں گے۔ پروگرام کے اختتام پر علامہ رانا محمد ادریس قادری نے تمام امت مسلمہ کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ۔ ناظم نشر واشاعت تحریک منہاج القرآن حبیب الرحمان سعیدی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top