منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

مورخہ: 05 مئی 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام مورخہ 05 مئی 2012ء کو جاپان کے بلند ترین پہاڑ (فیوجی ساں) پر ورکرز کنونشن منعقد ہوا، جس میں کم وبیش 80 افراد نے شرکت کی۔ شرکاء میں ٹوکیو، ابارکی کین، ناگویاکین، توچکی کین، سائتا ماکین، شیزوکاکین، اورچیباکین کے احباب شریک ہوئے۔

منہاج القرآن جاپان کے زیراہتمام یہ ورکر کنونشن ایک تاریخی روحانی ٹور کی شکل اختیار کرگیا جس کی قیادت منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کے صدر محمد انعام الحق نے کی۔ قافلہ مرکز المصطفیٰ اباراکی کین جاپان سے صبح 8 بجے روانہ ہوا، نوافل شکرانہ ادا کرنے کے بعد علامہ محمد شکیل ثانی نے بریفنگ دی۔ قافلے کی روانگی کے وقت بنگلہ دیش کے بیس افراد بھی شامل ہو گئے۔فیوجی سان جاپانی لوگوں کے عقیدے کے مطابق خدا ہے، مگر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے اس پہاڑ کی چوٹی پر اللہ اور اس کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر کیا۔

تلاوت کلام پاک کے بعد فیصل ملک، محمد عثمان سنی اور محمد احسن نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زندگی کے آغازسے اب تک کے حالات پر روشنی ڈالی اور تمام احباب کو مشن کی محبت عام کرنے کا پیغام دیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے صدر سید عثمان شاہ بخاری نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ شیزوکا کین کی تنظیم نے بہت اعلیٰ انتظامات کئے تھے جس پر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن جاپان کے صدر محمد انعام الحق نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے امن اور محبت کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ آج کا یہ روحانی ٹور بھی محبتوں کا پیغام ہے جس میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے لوگ ایک ہوگئے ہیں۔ ورکرز کو اب سستی چھوڑ کر کام کو آگے بڑھانا ہے۔ محفل نعت اور خطابات کے بعد محفل ذکر منعقد ہوئی جس سے ایک وجدانی کیفیت پیدا ہو گئی۔ آخر میں علامہ محمد شکیل ثانی نے انتہائی خشوع وخضوع کے ساتھ دعا مانگی جس سے آنسووں کی برسات لگ گئی ۔

سید عثمان شاہ بخاری نے آخر میں تمام تحریکی وتنظیمی احباب کاشکریہ ادا کیا۔ خصوصا محمد انعام الحق، علامہ محمد شکیل ثانی، فیصل ملک، محمد سلیم خان، محمد جاوید شیزوکاکین، محمد عارف شیزوکا کین اور محمد ایاز کو مبارکباد پیش کی۔ شیزوکاکین تنظیم کی طرف سے تمام لوگوں کے لئے کھانے کا انتظام کیا گیا۔ قافلے کی واپسی درود وسلام پڑھتے ہوئے ہوئی۔

رپورٹ: سید محمد عثمان شاہ بخاری و محمد اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top