منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ (ہالینڈ) کے زیراہتمام معراج النبی (ص) کانفرنس

مورخہ: 16 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ (ہالینڈ) کے زیر اہتمام مورخہ 16 جون 2012ء کو معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز قرآن حکیم کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت سید مقصود شاہ نے حاصل کی۔ اس روحانی محفل میں شفیق چیمہ، امانت علی چوہان، معید چودھری اور حاجی خالد چیمہ نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نعتوں کی صورت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امام و خطیب علامہ اصغر علی قادری نے واقعہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قرآنی حوالہ جات کے ساتھ خوبصورت انداز میں بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت، حبیب کبریا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت ہی اللہ سے محبت کی شرط ہے اور یہی اصل ایمان ہے۔ جب ایک مسلمان کو اپنے نبی اور اللہ کے حبیب سے عشق اور محبت ہوجائے تو وہ مسلمان سراپا امن اور معاشرے میں سراپا رحمت بن جاتا ہے۔ اللہ کے محبوب سے محبت انسان میں خوشگوار تبدیلیوں کا پیش خیمہ بنتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ انسان معاشرے کے افراد کی زندگیوں کو بھی بدل دیتا ہے۔

منہاج القرآن اللہ کے حبیب کے ساتھ اس محبت کے تعلق کو جوڑنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور اسی پیغام محبت کو عام کرنے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنی زندگی وقف کی ہے اور الحمدللہ یہ پیغام امن و محبت دنیا بھر میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ پروگرام کے آخری لمحات میں اجتماعی نماز تسبیح ادا کی گئی۔ کانفرنس کے دوران نہایت روحانی اور رقت آمیز کیفیت کے مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔ پروگرام کے اختتام پر امت مسلمہ اور وطن عزیز کے لئے دعا مانگی گئی۔

رپورٹ: امانت علی چوہان

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top