سیاسی پارٹیوں پر شخصی اور خاندانی آمریت کا راج ہے۔ شیخ زاہد فیاض

مورخہ: 22 جون 2012ء

عوام شعور کی آنکھ کھولیں اور نظام انتخاب کی تبدیلی کیلئے اپنے کردار کو پہچانیں

تحریک منہاج القرآن کے سینئرنائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ جمہوریت پر شکوہ عمارات اور اسمیں بیٹھنے والے چند سیاسی خاندانوں کا نہیں بلکہ اس مسلسل عمل کا نام ہے جس میں عوام ہی میں سے باکردار، اہل اور دیانتدار لوگ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے نہ صرف قانون سازی کرتے ہیں بلکہ اداروں کو استحکام دینے اور ملک کو ترقی کی طرف گامزن رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک صوبہ سندھ کے صدر ایس ایم ضمیر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی پارٹیوں پر شخصی اور خاندانی آمریت کا راج ہے۔ منشور نام کی کسی چیز کا وجود سیاست میں نہیں، الیکشن لڑنے کا حق صرف چند خاندانوں کو ہے، موجودہ انتخابی نظام میں کروڑوں روپے کی انویسٹمنٹ ایک حلقے کیلئے درکار ہے، برادری ازم، غنڈہ گردی اور الیکشن ڈے مینجمنٹ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اہلیت، قابلیت، ملک سے وفاداری، قوم کی خدمت کا جذبہ اور دیانت داری جیسے اوصاف کے حامل افراد تو کسی حلقے کا امیدواربننے کے قابل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام شعور کی آنکھ کھولیں اور نظام انتخاب کی تبدیلی کیلئے اپنے کردار کو پہچانیں اور ایسی اجتماعیت میں شامل ہوں جو ملک میں حقیقی جمہوریت کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top