شب برات اللہ رب العزت کی بارگاہ سے بخشش مانگنے کی رات ہے: علامہ محمد شکیل ثانی

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیراہتمام مورخہ 05 جولائی 2012ء کو (یوکی شی، جاپان) کی جامع مسجد میں شب برات کے حوالہ سے خصوصی پروگرام منعقد ہوا، جس میں علاقہ بھر سے لوگوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کے صدر محمد انعام الحق نے کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد طاہر جمال خطیب وامام جامع مسجد ہذا نے تلاوت کلام پاک سے کیا، جبکہ محمد طارق چمن نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ محمد نعیم خان نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے۔ منہاج القرآن اسلامک سنٹر اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے شب برات کی فضیلت اور توبہ کی عظمت کو موضوع بناتے ہوئے کہا کہ آج کی رات بارگاہ قدوس سے توبہ اور بخشش مانگنے کی رات ہے، اللہ رب العزت نے توبہ کا طریقہ بھی عطا فرمایا ہے کہ جب اپنی جانوں پر ظلم کر بیٹھو تو بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں آکر مجھ سے معافی مانگو میں تم کو معاف کردوں گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وسیلے سے مانگنا حکم خدا ہے اس لئے آج ہم سب کو اجتماعی توبہ کرنا ہوگی اور مکین گنبد خضراء سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آؤ تحریک منہاج القرآن کے سنگ لگ جاؤ، اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دست و بازو بن کر سچے عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بن جائیں۔ پروگرام میں مرزا محمد عابد کو عمرے کا ٹکٹ پیش کیا گیا جو منہاج پیس اینڈ گریشن کے صدر محمد انعام الحق نے موصوف کے سپرد کیا۔ پروگرام میں ابارکی کین کے صدر محمد ایاز، جنرل سیکرٹری محمد عمران بیگ، محمد یسین بٹ اور مظہر حسین نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر امت مسلمہ کے احیاء کی خصوصی دعا مانگی گئی اور شرکاء کو لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top