منہاج ٹریننگ اکیڈمی میں تقریب تقسیم اسناد عرفان القرآن کورس

تحریک منہاج القرآن کی نظامت تربیت کی ٹریننگ اکیڈمی میں 14 ویں معلمین عرفان القرآن کورس کی تقریب تقسیم اسناد مورخہ 12 جولائی 2012 کو منعقد ہوئی۔جس میں علامہ محمد حسین آزاد اور علامہ سعید رضا بغدادی نے خصوصی شرکت کی جبکہ ان کے علاوہ بشیر احمد خان لودھی، علامہ غلام ربانی تیمور اور علامہ حافظ محمد شریف کمالوی شامل تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد اعجاز نے حاصل کی جبکہ تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت سید وقاص علی شاہ نےنچھاور کئے۔ نقابت کے فرائض محمد محمود احمد قادری نے سرانجام دیے۔

بعدازاں طلباء عرفان القرآن کورس کی نمائندگی کرتے ہوئے کورس کے بارے میں اپنے تاثرات پیش کرنے کے لئے خالد محمود منہاجین آئے اور کورس کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کیا۔ اس کے بعد عرفان القرآن کورس کے نصاب کے بانی علامہ حافظ سعید رضا بغدادی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرفان القرآن کورس پوری دنیا میں منفرد ترین کورس ہے اور ایسا کام کوئی ادراہ، مدرسہ یا تنظیم نہیں کر رہی یہ فقط تحریک منہاج القرآن کا خاصہ ہے جنہوں نے نئی نسل اور دینی علوم کے درمیان فاصلے کو ختم کیا اور قرآن و حدیث کی طرف راغب کیا۔ انہوں نے لطیف نقطہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک اپنے قاری کی ذہنی سطح کے مطابق اس کی گہرائی تک خود جاتا ہے اور اس میں عرفان پیدا کرتا ہے۔

اس کے بعد ناظم عرفان القرآن کورس علامہ محمد شریف کمالوی نے مہمانان گرامی اور شرکاء کورس کو مبارکباد پیش کی اور شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ تحریک منہاج القرآن سے منسلک ہیں، یہ عرفان القرآن کورس ایک صدقہ جاریہ کی طرح ہے جس کا ثواب ہمیشہ دنیا اور آخرت میں ملتا رہے گا، اس عمل سے والدین اور اساتذہ خوش ہوتے ہیں اور انہیں ثواب ملتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ عمل ہے جس سے معلم انسانیت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا نصیب ہوتی ہے جو ہمارا مقصد حیات ہے۔

آخر میں مہمانان گرامی کے ذریعے طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی بارگاہ میں درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا اور ملک وقوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ:محمد رضا فریدی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top