گوجرخان، بیداری شعور سٹوڈنٹس کنونشن

تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے فورم مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ گوجرخان کے زیراہتمام بیداری شعور سٹوڈنٹس کنونشن مورخہ 15 جولائی 2012 کو دن 11 بجے TMA جناح ہال گوجرخان میں منعقد ہوا۔ کنونشن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے عابد حفیظ نے کیا جبکہ تاجدار کائنات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں حسنین برادران نے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

مرکزی نائب صدر MSM چوہدری عرفان یوسف نے بیداری شعور سٹوڈنٹس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس ملک میں ہر شخص اپنے لئے جیتا ہے، اس زندگی کا کیا فائدہ جس میں دوسروں کے حقوق کا خیال نہ رکھا جائے۔ یہ انتخابی نظام کرپٹ ہے۔ اس انتخابی نظام کے تحت غریب، غریب تر ہوتا چلا جا رہا ہے، امیر امیر تر ہوتا چلا جا رہا ہے۔ بیداری شعور کا مقصد عوام کو اس سسٹم کی خرابی سے آگاہ کرنا ہے۔ ہماری پارلیمنٹ میں انگوٹھا چھاپ اور ان پڑھ لوگ براجمان ہیں۔ موجودہ نظام کے تحت کبھی بھی تبدیلی نہیں آ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا مقصد اس امت کا اپنے آقا و مولا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ٹوٹا ہوا رشتہ جوڑنا ہے۔ اس کنونشن سے چوہدری عرفان یوسف مرکزی نائب صدر MSM کے علاوہ حافظ محمد عمیر مرکزی سیکرٹری انفارمیشن، کامران متین صدر MSM راولپنڈی، چوہدری رضوان یوسف صدر MSM ملتان، منصور نیازی صدر راولپنڈی سٹی، راجہ خیام عباس، حافظ غلام مجتبیٰ طاہر، ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی، جی ایم نورانی سابق صدر MSM اسلام آباد نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں سٹوڈنٹس کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ ان کے ساتھ ساتھ تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان کی ایگزیکٹو کونسل کے ناظم محمد ریاست قادری، ناظم ویلفیئر محمد شفیق مصطفوی، ناظم میڈیا عبدالستار نیازی اور پاکستان عوامی تحریک گوجرخان کے صدر قاضی شاہد مسعود نے خصوصی شرکت کی۔ قاضی شاہد مسعود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا مقصد پاکستانی عوام کو ایک مقام دینا ہے۔ اس معاشرے کا ہر شخص بلا تفریق رنگ و نسل برابر حقوق ملنے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم چودہ سو سال قبل جو ضابطہ حیات لے کر آئے اس کو پاکستان کے اندر رائج کرنا ہے۔ تبدیلی نوجوانوں کے ذریعے ہی آئے گی۔ منصور نیازی صدر MSM راولپنڈی سٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو قومیں اپنے حقوق لینا نہیں جانتی وہ اندھیروں کی طرف آئے روز قدم بڑھا رہی ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر راجہ خیام عباس ڈائریکٹر منہاج تحفیظ القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم نے ملک پاکستان میں امن وآشی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔

رپورٹ: عبدالستار نیازی (ناظم میڈیا تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top