منہاج اسلامک سنٹر (بارسلونا، سپین) میں سپانش کلاس کے طلبہ کی الوداعی افطار پارٹی

منہاج اسلامک سنٹر (بارسلونا، سپین) میں 20 اپریل 2012 ء سے 19 جولائی 2012 تک جاری رہنے والی سپانش زبان سیکھنے کی کلاس کے طلبہ کے اعزاز میں مورخہ 20 جولائی 2012ء کو الوداعی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں کلاس کے فارغ التحصیل طلباء ،ٹیچر نویداحمداندلسی، صدر منہاج مصالحتی کونسل محمد اقبال چودھری، نمائندہ روزنامہ جنگ و جیو برائے سپین شفقت علی رضا، منہاج یوتھ لیگ سپین کے حافظ محمد عثمان ، کلاس کے سابق طلباء حافظ محمد عمران، صفی اللہ ، محمدعطا اعوان اور محمد رضوان بیگ نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد عمران نے حاصل کی، جبکہ حافظ محمد عثمان نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی جس کے بعد طلباء نے فرد ا فردا سہ ماہی کلاس کے بارے میں اپنے اپنے تاثرات، آراء و تجاویز پیش کیں، جس میں انہوں نے کہا کہ کلاس میں ان کو بہت اچھے اور منظم انداز میں سپانش زبان سیکھنے کا موقع ملاجس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں سپانش زبان کو اردو زبان کے ذریعے سکھایا جاتا ہے، ہمیں اس کلاس میں نہ صرف سپین کی زبان سیکھنے کا موقع ملا بلکہ جنرل نالج، سپین کی ثقافت و قوانین کے بارے میں بھی معلومات ملیں اورانتہائی دوستانہ ماحول میں تین ماہ گذارنے کا موقع ملاجس کو وہ کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔بعض طلباء نے کہا کہ اس کلاس میں ان کو تحریک منہاج القرآن کے بارے میں بہت سی معلومات حاصل ہوئی ہیں جن کا انہیں پہلے علم نہیں تھا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ملت اسلامیہ کے اتحاد اور عالمی سطح پر اسلام کے پیغام امن کو پھیلانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے متعلق معلومات ملی ہیں۔سپانش زبان سکھانے کی کلاس کا مفت اہتمام کرنے پر طلباء نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا شکریہ اداکیا۔

جنگ اور جیو کے نمائندے شفقت علی رضا نے طلباء سے اپنی گفتگو میں کہا کہ کچھ آپ نے سیکھا ہے اگر آپ اس سیکھے ہوئے کو آگے نہیں پھیلائیں گے یا اس زبان کو بولنے کی کوشش نہیں کریں گے تو یہ سیکھا ہوا کسی کام نہیں آئے گا،انہو ں نے زبان کے نہ جاننے کے نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی۔منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چودھری نے تقریب میں طلباء سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے، اگرچہ ہم میں سے ہر ایک سپین میں فکر روز گار کے لئے آیا ہے لیکن اللہ تعالیٰ نے ہم سے دین کی ترویج و اقامت کا کام بھی لینا ہے اس لئے ہم جس ملک میں بھی رہیں اس ملکی کی زبان پر عبور حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ ہم مقامی لوگوں تک اللہ رب العزت کا پیغام پہنچا سکیں اور اس طرح دنیا وآخرت میں سرخرو ہوسکیں۔

کلاس ٹیچر نوید احمداندلسی نے تمام طلباء کو باقاعدگی سے کلاس میں آنے اور کلاس مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں تلقین کی کہ سیکھی ہوئی زبان کی سطح کومزید بلند کرنے کے لئے دیگر سکولوں اور اداروں میں بھی داخلہ لیں۔انہوں نے طلباء کو کہا کہ کام کی تلاش اور روزگار کے علاوہ سپانش زبان کو ترویج اسلام کا ذریعہ بھی بنائیں، تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی کا مطالعہ کریں۔ تقریب کے اختتام پر طلباء میں منہاج سی ڈی سنٹر فیصل آباد کی طرف سے تیار کی جانے والی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شخصیت پر لکھی گئی کتاب مجدد رواں صدی بھی تقسیم کی گئی جس کے بعد شرکاء کے لئے افطار ڈنر کا انتظام بھی موجود تھا۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top