چند خاندانوں کے حق حکمرانی کو جمہوریت کہنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں : فیض الرحمن درانی

مورخہ: 29 اگست 2012ء

جمہوری نظام کو چلانے کی اہلیت کے دعوے دار حقیقت میں بدترین آمری جمہوریت کا تسلسل ہیں
ملک و قوم کی بقا اور موجودہ انتخابی نظام کی تبدیلی لازم و ملزوم ہو چکے ہیں

پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ موجودہ گلے سڑے سیاسی نظام کے تحت مقتدر بننے والے عوام اور ان کے حقوق کے درمیان خلیج بڑھا کر بھی خود کو عوام کا نمائندہ کہہ کر پوری قوم کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ جمہوری نظام کو چلانے کی اہلیت کے دعوے دار حقیقت میں بدترین آمری جمہوریت کا تسلسل ہیں۔ جمہوریت کے لبادے میں عوام کے حقوق کا لباس تار تار کرنے والوں کو دوبارہ اقتدار کے ایوانوں تک رسائی دی گئی تو ملک و قوم اندھیرے گڑھے میں جا گریں گے اور پاکستان ناکام ریاست ڈکلیئر ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مجلس عاملہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چند خاندانوں کے حق حکمرانی کو جمہوریت کہنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں، وہ موجودہ کرپٹ نظام کے محافظ اور نظام ان کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ اسی نظام کا شاخسانہ ہے کہ ادارے مضبوط ہونے کی بجائے دیمک زدہ مقتدران کے باعث کھوکھلے اور ایک دوسرے کے مقابل کھڑے ہیں۔ موجودہ نظام کے تحت الیکشن کا کھیل قوم سے جینے کاحق بھی چھین لے گا اس لئے عوام پاکستان عوامی تحریک کی بیدارئ شعور مہم میں شامل ہو جائیں اور موجودہ سیاسی نظام کی تبدیلی کیلئے مؤثر آواز بلند کریں کیونکہ ملک و قوم کی بقا اور موجودہ انتخابی نظام کی تبدیلی لازم و ملزوم ہو چکے ہیں۔ ہر فرد کو غفلت چھوڑ کر ملک کو بچانے کیلئے موجودہ نظام انتخاب کو سمندر برد کرنے کیلئے باہر نکلنا ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top