شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا منہاج القرآن انٹرنیشنل (ڈنمارک) کے نئے مرکز کا دورہ

مورخہ 5 ستمبر 2012 کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے نئے مرکز کا دورہ کیا، شیخ الاسلام کی آمد کا وقت شام 6 بجے مقرر کیا گیا تھا لیکن منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے رفقاء و وابستگان اپنے محبوب قائد کے استقبال کے لیے مقررہ وقت سے پہلے ہی پہنچنا شروع ہو گئے اور عمارت کے باہر سڑک کی دونوں جانب قطار یں بنا کر کھڑے ہو گئے۔ جیسے ہی شیخ الاسلام کی گاڑی مرکز کے سامنے پہنچی، سڑک کے دونوں جانب موجود سفید لباس میں ملبوس منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے رفقاء و ابستگان باآواز بلند تکبیر و رسالت کے نعروں، درود و سلام، تحریکی نعروں اور تحریکی ترانوں کی گونج میں ان کا شاندار استقبال کیا، اس موقع پر منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں اور منہاج سسٹرز لیگ کی بہنوں کی طرف سے گل پاشی بھی کی گئی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری گاڑی سے اترنے کے بعد مرکزی دروازے کی جانب بڑھے تو منہاج نعت کونسل ڈنمارک نے اپنے مخصوص انداز میں درودِ پاک پڑھتے ہوئے ان کا استقبال کیا اور علامہ عبد الستار سراج نے اُن کو MQI ڈنمارک کی طرف سے گلدستہ پیش کیا، اس موقع پر شیخ الاسلام نے فیتہ کاٹ کر مرکزی دروازے پر واقع سیل سنٹر کا افتتاح بھی کیا انہوں نے سیل سنٹر کے بارے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور سیل سنٹر کے انچارج راجا محمد افضل نے انہیں سیل سنٹر کے متعلق مختلف سوالات کا جواب دیا۔

اگلے مرحلے میں شیخ الاسلام منہاج القرآن ڈنمارک کے مرکز پر واقع کانفرنس روم (میٹنگ روم) میں تشریف لے گئے جہاں انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی مجلس شوریٰ کے صدر چوہدری محمد سرور، امیر تحریک علامہ عبدالستار سراج، صدر علامہ محمود شاہ اور سیکریٹری جنرل محمد بلال اوپل کو خصوصی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی تنظیمی زندگی میں ڈنمارک پہلی مثال ہے جہاں بزرگوں نے اپنی زیر نگرانی نوجوانوں کو تیار کرنے کے بعد مکمل کنٹرول اُن کے حوالے کر دیاہے۔

کانفرنس روم کے وزٹ کے بعد شیخ الاسلام مرکز کی دوسری منزل پر واقع مسجد کے ہال میں پہنچے جہاں موجود سینکڑوں رفقاء وابستگان کی طرف سے تکبیر و رسالت اور تحریکی نعروں کی گونج میں ان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ایک خصوصی استقبالیہ تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے قاری اللہ بخش نقشبندی نے کیا، معظم بٹ (صدر منہا ج القرآن نارتھ ویسٹ) اور قاری ندیم اختر نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی، سٹیج سیکریٹری کے فرائض علامہ فیض رسول قادری نے سر انجام دیے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر سید محمود شاہ (منہاجین) نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی علمی و تحقیقی خدمات کا خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ہم منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی طرف سے شیخ الاسلام کو ڈنمارک آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، اُن کا یہ دورہ نہ صرف تحریک منہاج القرآن بلکہ تمام مسلمانانِ ڈنمارک کے لیے باعث رحمت ہے۔ شیخ الاسلام اس صدی کے مجدد ہیں اور آپ کے تجدیدی کاموں اور شبانہ روز محنت سے امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر رہی ہے۔ سید محمود شاہ نے کہا کہ یہ شیخ الاسلام کی دعاؤں اور توجہ کا نتیجہ ہے کہ اتنا بڑا مرکز حاصل کیا گیااور اس کا قرض انتہائی قلیل مدت میں اداء کر دیا گیا۔ استقبالیہ تقریب سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام نے فرمایا کہ 4سال کی مدت میں اللہ تعالیٰ نے تحریک منہاج القرآن کو یورپ میں اسلام کا دفاع کرنے کی تحریک بنا دیا ہے۔ اس موقع پر منہا ج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے بانی اراکین بھی موجود تھے، جن سے مخاطب ہوتے ہوئے شیخ الاسلام نے بتایا کہ مجھے آج بھی یاد ہے کہ 1984میں یہ لوگ وفد کی شکل میں میرے پاس منہاج القرآن کا سنٹر قائم کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے آئے تھے۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد یہ استقبالیہ تقریب ختم ہوئی اور شیخ الاسلام اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔

واضح رہے کہ Bispevej, 25 میں واقع یہ مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ہیڈ کوارٹر ہے جس کا باضابطہ افتتاح جون 2010 میں صاحبزادہ حسن محی الدین قادری (صدر سپریم کونسل، منہا ج القرآن انٹرنیشنل) نے کیا تھا۔ 18 ملین ڈینش کرونا کی مالیت کا یہ سنٹر جدید ساؤنڈ سسٹم، پروجیکٹرز، وائرلیس انٹریٹ کنیکشن، لفٹ، ویڈیو کیمروں سمیت دیگر جدید ترین سہولتوں سے مزین ہے۔ وسیع کار پارکنگ، کانفرنس روم، مختلف شعبہ جات کے دفاتر، اور ہزاروں کتب و کیسٹ پر مشتمل سیل سنٹر و لائبریری بھی اس مرکز کی خصوصیات ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top