راولا کوٹ : ایم ایس ایم کے زیراہتمام فری طبی کیمپ برائے حیوانات

یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ڈیپارٹمنٹ آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے زیراہتمام فری طبی کیمپ برائے حیوانات منعقد ہوا، جس میں نامور پروفیسرز، ڈاکٹرز اور یوینورسٹی کے طلبہ نے گہری دلچسپی کے ساتھ شرکت کی۔ کیمپ کا افتتاح وائس چانسلر آزادکشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر دلنواز گردیزی اور یونیورسٹی آف پونچھ کے ڈین اور ڈیپارٹمنٹ آف وٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے چیئر مین ڈاکٹر صفدر انجم نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ 

کیمپ میں خصوصی طور پر ڈاکٹر احمد رشید، ڈاکٹر ضیاء، ڈاکٹر اسد فیض اور ڈاکٹر انعام الحق نے شرکت کی۔ اس کیمپ کی بھر پور تشہیر کی گئی جس کے باعث دور و نزدیک سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے جانوروں کو معائنہ کے یے لے کر آئے اور سارا دن کیمپ پر لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔

کیمپ میں جانوروں کا فری معائنہ کیا گیا اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ اس کیمپ کے انعقاد پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، ڈین، پروفیسرز، ڈاکٹرز اور طلبہ کی بڑی تعداد نے ایم ایس ایم کو مبارک باد دی۔ کیمپ میں آئے ہوئے لوگوں نے طلبہ کی اس کاوش کو نہایت احسن انداز سے سراہا اور مزید بھی لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

کیمپ کے اختتام پر صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ محمد خبیب حمید نے تمام معزز مہمانان گرامی، ڈاکٹرز، پروفیسرز اور یونیورسٹی کے تمام سٹاف سمیت طلبہ کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی پوری ٹیم کو شاندار کیمپ کے انعقاد پر خصوصی مبارک باد دی۔

کیمپ کا افتتاح علی الصبح ہی کر دیا گیا تھا اور شام دیر تک لوگ اپنے جانوروں کو لا کر ان کا طبی معائنہ کرواتے رہے۔ صبح سے ہی لوگوں کی آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، اور لوگ طلبہ کی اس کاوش سے نہایت پرمسرت نظر آ رہے تھے، جبکہ بعد ازاں لوگوں نے اس بات کو اپنی زبانی بیان بھی کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top