منہاج القرآن انٹرنیشنل (جاپان) کے تاحیات رفیق امانت علی گوندل شہید کے لئے قرآن خوانی

منہاج القرآن انٹرنیشنل (جاپان) کے تاحیات رفیق مسجد المصطفیٰ مرکز کے خادم،پیکر الفت و محبت، عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم امانت علی گوندل شہید کے لئے مورخہ 02 نومبر 2012ء کو قرآن خوانی کا انتظام کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں مسلمان شریک ہوئے۔ ٹوکیو، نگاتا، اباراکی کین، چیباکین، سائتاماکین، یوکی اور دیگر علاقوں سے کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے خطاب جمعہ میں موت اور زندگی کی حقیقت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موت برحق ہے اس کی تیاری ہمہ وقت رہنی چاہیئے۔زندگی اسی کی اچھی ہے جس کا خاتمہ ایمان پر ہواور جس کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پہچان مل جائے۔امانت علی گوندل انتہائی منکسر المزاج اور شریف النفس انسان تھے جنہوں نے ہمیشہ مشن سے محبت اور وفا کی۔ وہ مرکز منہاج القرآن جاپان کی ہمہ وقت خدمت پر مامور رہتے تھے۔ وہ نماز عشاء کی ادائیگی کے لئے گھر سے نکلے اور مسجد کے قریب گاڑی نے ٹکڑ ماردی اور آپ وہیں شہید ہوگئے۔تحریک منہاج القرآن پاکستان کی قیادت نے بھی مرحوم کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور ایک بھر پور وفد کی صورت میں ان کی میت کو ایئر پورٹ سے وصول کیا اور ان کی نماز جنازہ تک ان کے گاؤں میں رہے۔

قرآن خوانی کی تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ، پاکستان پیپلزپارٹی، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق) کے سیاسی راہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ احمد سعید بھٹی (صدر تحریک انصاف، جاپان) کی طرف سے تمام شرکاء محفل کو کھانا پیش کیاگیا۔ فاتحہ خوانی اور ختم پاک کے بعد حافظ محمد یعقوب نے ختم شریف پڑھا جبکہ علامہ محمد شکیل ثانی نے امانت علی گوندل شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top