دولتالہ (گوجر خان) : تحریک منہاج القرآن کا اجلاس

دولتالہ (نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن پی پی 4 دولتالہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم تحریک منہاج القرآن پنجاب نے کہا کہ 23 دسمبر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سیاست نہیں ریاست بچانے کے ایجنڈے کے ساتھ وطن واپس تشریف لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ انتخابی نظام ایک کرپٹ اور فرسودہ شکل اختیار کر چکا ہے۔ یہ انتخابی نظام ملک کے اندر تبدیلی کا باعث نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور وڈیروں کے ایجنڈوں کی تکمیل اور پرورش کا دوسرا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ 64 سال گزر جانے کے باوجود ہم آج بھی ایک قوم کی شکل میں نہیں ڈھل سکے بلکہ دن بدن ہم ایک ہجوم کی شکل میں ڈھلتے جا رہے ہیں۔ جس دن پاکستان کے 18 کروڑ عوام کو اس بات کا شعور مل گیا کہ یہ کرپٹ نظام انتخاب ہی ہمارا سب سے بڑا دشمن اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اس دن یہ ہجوم ایک قوم کی شکل میں ڈھلنا شروع ہوجائے گا۔ اجلاس میں چوہدری جاوید اقبال، محمودالحق قریشی، چوہدری محمد اسحاق، قاضی محمد افضل، قاری منیر حسین قادری، قاضی ادریس زعفران اور دیگر عہدیداران و کارکنان تحریک منہاج القرآن نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top