اوکاڑہ : تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ کے زیراہتمام ایک عظیم الشان تربیتی و تنظیمی کنونشن گورنمنٹ پرائمری سکول چک 11جی ڈی بدھے والا میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو صاحب نے کی۔ کاروائی کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت تحصیل کے کوآرڈینیٹر عابد حسین حسنی منہاجین نے حاصل کی، جبکہ آقائے کل جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ بے کس پناہ میں عقیدت کے پھول عابد حسین حسنی منہاجین نے پیش کئے۔

ضلعی ناظم دعوت و تربیت علامہ شبیر احمد جامی منہاجین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دست و بازو بنیں اور اس ظالم اور استحصالی نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئےاپنا تن، من اور دھن نچھاور کر دیں۔ سیاست نہیں ریاست بچاؤ کے نعرے کی صدا گلی گلی اور کوچہ کوچہ میں گونجے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابی نظام صرف وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔

ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس پیغام کو گھر گھر پھیلانا ہو گا کہ اس ظالمانہ انتخابی نظام سے قوم کی تقدیر سنورنے والی نہیں۔ اس نظام کے تحت سو سال بھی الیکشن ہوتے رہے تو کوئی انقلاب برپا نہیں کیا جا سکتا۔ لوگوں کے ذہنوں میں یہ بات راسخ کر دیں کہ اگر ملک میں کوئی تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو اس نظام کو نیست و نابود کرنے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ساتھ دیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے مینار پاکستان کے سائے تلے لوگوں کا ایک جمِ غفیر لے کر پہنچیں۔

اس کے بعد چند ایک کونسلوں میں تنظیم سازی بھی کی گئی۔ کنونشن کا اختتام دعائیہ کلمات سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top