علم کے نور سے ظاہر و باطن کو بدلنے کی جدوجہد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ نوشابہ ضیاء

منہاج القرآن ویمن لیگ کردار زہرہ رضی اللہ عنہا اور جرات زینب رضی اللہ عنہا کی امین ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیراہتمام واہگہ ٹاؤن میں ’’دختر بتول سیدہ زینب کانفرنس‘‘ سے خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ نوشاہ ضیاء نے کہا ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کردار زہرہ رضی اللہ عنہا اور جرات زینب رضی اللہ عنہا کی امین ہے اور موجودہ دور میں حسینیت کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سر پرستی میں تجدید احیائے دین کیلئے اسکی خدمات سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کا کردار ہمیں یہ بتاتا ہے کہ اس دو ر میں جینا لازم ہے جس دور میں جینا مشکل ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیراہتمام واہگہ ٹاؤن میں ’’دختر بتول سیدہ زینب کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ ارشاد اقبال، عائشہ شبیر، سدرہ جبیں اور عطیہ بینش بھی موجود تھیں۔ نوشابہ ضیاء نے کہا کہ علم کے نور سے ظاہر و باطن کو بدلنے کی جدوجہد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے ۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد اقبال نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے معاشرے میں تبدیلی کا جو ویژن دیا ہے اس میں عورت کو مرکزی کردار حاصل ہے اور منہاج القرآن ویمن لیگ دین مبین کی زریں اقدار کے فروغ کیلئے ان کی رہنمائی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ملک اور امت کے مستقبل کو باوقار، باحمیت اور تابناک بنانے کیلئے تربیت اور تعلیم کے دو ادواروں پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو سلامتی اور امن دینے کیلئے داخلی امن ناگزیر ہے اور اس کیلئے ماں کی تربیت کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یو سی سطح تک تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات کا وجود اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مستقبل میں آنے والی تبدیلی میں عورت کا ماں، بہن، بیٹی کے روپ میں مرکزی کردارہو گا اور وہ وقت دور نہیں جب ملک میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top