درود و سلام کی کثرت جسمانی اور روحانی بیماریوں کے لیے شفا ہے : ڈاکٹر محمد اسلم

جو دل محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خالی ہو اس کا کوئی عمل اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قبول نہ ہوگا
تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود میں 24 گھنٹے درود وسلام پڑھا جاتا ہے

تحریک منہاج القرآن دریا خان کے صدر ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا ہے کہ درود و سلام اللہ اور اس کے انبیاء کی سنت ہے اور اسکے مقرب فرشتے بھی یہ فریضہ ہر وقت بجا لاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے نیک بندوں کو بھی یہ حکم دیا ہے کہ تم بھی میرے محبوب صاحب لولاک سے تعلق محبت کو پختہ کرو اور ان کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا کرو۔ درود و سلام کی کثرت سے ظاہر و باطن بدل جاتا ہے۔ درود و سلام کے ماحول میں اللہ تعالی کی رحمت نازل ہوتی ہے۔ درودوسلام اظہار عشق مصطفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درود و سلام کی کثرت سے دنیا وآخرت منور ہوتی ہے۔ درود و سلام کی کثرت سے زیارت مصطفی نصیب ہوتی ہے۔ درود و سلام کی کثرت جسمانی اور روحانی بیماریوں کے لیے شفا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر کیا جانے والا معمولی سا عمل بھی بارگاہ ایزدی میں باعث اجر و ثواب ہے۔ سارے اعمال کی عظمت و قبولیت اسی عمل کے سبب سے ہے جو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں کیا جائے۔ اگر دل محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خالی ہے تو کوئی عمل بارگاہ خداوندی میں باعث اجر نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی روح ایمان ہے۔ بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ذرا سی بے ادبی سے انسان کے اعمال ضائع ہوجاتے ہیں جس کا انسان کو علم بھی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اللہ تعالیٰ نے دن رات کا ایسا نظام قائم کر دیا ہے کہ چوبیس گھنٹے کہیں نہ کہیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود پاک پڑھا جاتا ہے۔ مزارمصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے علاوہ پاکستان میں تحریک منہاج القرآن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں 24 گھنٹے گوشہ درود میں درود و سلام پڑھا جاتا ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top