نواب شاہ : سیدہ حضرت زینب (رض) کانفرنس

مورخہ 17 نومبر 2012ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ نواب شاہ کے زیراہتمام ڈویژنل سیکریٹریٹ تحریک منہاج القرآن لائبریری و سیل سینٹر میں سیدہ حضرت زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس کی مہمان خصوصی نگران منہاج القرآن ویمن لیگ سندھ محترمہ مسرت ہارون تھیں۔ کانفرنس میں صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نواب شاہ محترمہ ڈاکٹر نگہت حسن، ناظمہ محترمہ فرزانہ فیصل، ناظمہ تربیت محترمہ رخشندہ رزاق، ناظمہ دعوت محترمہ غزالہ صغیر، ناظمہ نشر و اشاعت محترمہ ثنیہ محفوظ علی قادری، ویمن لیگ کی کارکن سدرہ کاشف، شازیہ سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھی کثیرتعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز بعد نماز عصرہوا۔ نقابت کے فرائض حفصہ حسن نے انجام دئیے، تلاوت و ترجمہ عرفان القرآن کی سعادت ناظمہ ویمن لیگ فرزانہ فیصل نے حاصل کی، جبکہ ناظمہ دعوت محترمہ غزالہ صغیر اور دیگر ساتھیوں نے ہدیہ نعت ومنقبت پیش کی۔ اس کے بعد منہاج القرآن ویمن لیگ سندھ کی نگران محترمہ مسرت ہارون نے کانفرنس سے اپنے صدارتی خطاب میں پیکرِ صبر و شجاعت حضرت سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کی سیرت ِ طیبہ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کی آغوش میں پرورش پانے والی حضرت زینب رضی اللہ عنہا نے اس موقع پر وہ مثالی کردار ادا کیا، جو رہتی دنیا تک تمام خواتین کے لئے سرچشمہ ہدایت ہے۔ میدان کربلا میں ظلم و بربریت کی جو داستان خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ رقم کی گئی، وہ انسانیت کے لئے شرمندگی کا باعث ہے، جن کا مداوہ نہیں ہو سکتا۔ وہ عصمت و طہارت کی پیکر شخصیات کہ جن کے لئے آیت تطہیر نازل کی گئی، ان کو جس طرح تماشا بنا کر رسوا کیاگیا، وہ یزید کے بارے میں نرم دل رکھنے والوں کے لئے اک ایسا سوال ہے جس سے وہ اپنے ایمان کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے اندر ایسے اوصاف پیدا کرنے ہوں گے جس پر خود بھی فخر کر سکیں اور ان کے خاندان کا نام بھی روشن ہو سکے، یہ سب اسی وقت ممکن ہوگا جب ہم اپنے اسلاف کے نقش قدم پرگامزن اور تعلیمات پر عمل پیرا ہوں گے۔ معاشرے میں پھیلی بے حیائی، بدکرداری و دیگر خرابیوں کے خاتمے میں خواتین اپنا کردار اپنی اولاد کی اسلامی خطوط پر تربیت کر کے ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے 23 دسمبر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستان آمد کے حوالے سے بھی خواتین کو متحرک اور ہراول دستے کا کردار ادا کرنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ گھر گھر جا کر پاکستان کی بقا اور سلامتی کی خاطر رابطہ مہم کا آغاز کریں۔

تقریب سے صدر منہاج القرآن ویمن لیگ و ناظمہ تربیت رخشندہ رزاق نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور خواتین میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعارفی لٹریچر بھی تقسیم کیا۔ کانفرنس میں خواتین کی سہولت کے لیے شیخ الاسلام کی تصانیف و خطابات کا سٹال بھی لگایا گیا تھا جہاں خواتین نے گہری دلچسپی کے ساتھ خریداری کی۔

کانفرنس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا، جس میں ملک و ملت کی سربلندی و استحکام و تحریکی مشن کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی اور شرکاء میں نیاز بھی تقسیم کی گئی۔

رپورٹ : فرزانہ فیصل
ناظم منہاج ویمن لیگ نواب شاہ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top