ڈیرہ غازی خان : منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام پاکستان بچاؤ موٹر سائیکل ریلی

منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام پاکستان بچاؤ موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی جس میں نوجوانوں کی کثیر تعداد نے ملک پاکستان کو درپیش مسائل سے نجات دلانے اور ملک پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ ریلی دفتر تحریک منہاج القرآن سے نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ٹریفک چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ڈیرہ غازیخان کے درو دیوار تبدیلی اور 23 دسمبر آیا قلندر کے نعروں سے گونجتی رہی۔

ریلی کے شرکاء سے ضلعی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ محمد ربنواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان اسلامی ہے نہ جمہوری، پاکستانی قوم کو فکری اور نظریاتی غلامی سے باہر نکالنا ہو گا، انتہا پسندی اور کرپشن ہر سو پھیلتی جا رہی ہے۔ آج پاکستان کو بچانے اور قوم کے سوئے ہوئے احساس کو بیدار کرنے کیلئے ہر فرد بالخصوص نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کو بچانے کے لیے سیاست نہیں ریاست بچاؤ کے فارمولے کو اپنانا ہوگا۔ 23 دسمبر کو ملک بھر سے پچاس لاکھ مرد، خواتین، بچے، بوڑھے مینار پاکستان پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا استقبال اور موجودہ کرپٹ اور اجارہ دارانہ انتخابی نظام کے خلاف تبدیلی کا آغاز کریں گے۔

ڈاکٹر ساعد اختر بلوچ نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شاءاللہ پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ غازیخان تحصیل سے 16، تونسہ شریف سے 6 اور کوٹ چھٹہ سے 8 بسوں کا کارواں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے استقبال کے لیے 20 دسمبر 2012 بروز جمعرات کو ڈیرہ غازیخان سے روانہ ہوگا۔

ریلی کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top