صدر پاکستان سرائیکی پارٹی تاج محمد لنگاہ کی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات

نئے صوبوں پر سیاست کرنے کی بجائے عوام کو فیصلہ کرنے دیا جائے کہ وہ نیا صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری
سیاسی پارٹیوں اور ہر مثبت سوچ رکھنے والے فرد کو حقیقی تبدیلی کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دینا ہوگا ۔ تاج محمد لنگاہ

پاکستان سرائیکی پارٹی کے صدر تاج محمد لنگاہ نے گذشہ روز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے انکی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی، اس موقع پر ڈاکٹر مقصود لنگاہ اور ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سیاسی پارٹیاں جو اپنی شناخت وتاریخ ر کھتی ہیں اور ملکی استحکام اور بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں، ان سب کو اکھٹا ہونا ہو گا تا کہ اجتماعیت پیدا ہو۔ افغانستان کے 20، انڈیا کے 47 اور جرمنی کے 12 صوبے ہیں۔ انتظامی بنیادوں پر پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہوں مگر نئے صوبوں کے قیام پر سیاست کرنے کی بجائے وہاں کے عوام کو فیصلہ کرنے دیا جائے کہ وہ نیا صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ جاگیرداریت کے خاتمہ کے بغیر حقیقی جمہوریت کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی۔ انہوں نے تاج محمد لنگاہ کو کہا کہ آپ اپنی قیادت میں دیگر مثبت سوچ کی حامل محب وطن،سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں اور انہیں دعوت دیں کہ وہ تبدیلی کے ایجنڈے کا ساتھ دیں۔ سرائیکی پارٹی کے صدر تاج محمد لنگاہ نے ڈاکٹر طاہر القادری کو موجودہ انتخابی نظام کے خلاف جمہوری جدوجہد میں حمایت کا یقین دلایا اور درخواست کی کہ وہ تمام محب وطن سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر ایک بڑے اتحاد کی رہنمائی کریں تا کہ ملک سے فرقہ پرستی،تنگ نظری،انتہا پسندی اور عدم برداشت کے رویوں کا خاتمہ ہو سکے اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں محب وطن،دیانتدار،وفادار قیادت کو آگے لائے بغیر کبھی بھی حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا۔ وطن عزیز کی تمام سیاسی پارٹیوں اور ہر مثبت سوچ رکھنے والے فرد کو حقیقی تبدیلی اور ملک بچانے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دینا ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top