ناروے: منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو میں امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو (ناروے) کے زیر اہتمام مورخہ 01 دسمبر 2012 کو عظیم الشان امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی اور مختلف مکاتب فکر کے افراد کی کثیر تعدا د نے شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز حافظ قاری عبدالقادر نوشاہی نے تلاوت کلام پاک کی آیات سے کیا۔ اس کے بعد اوسلو کے مشہور نعت خواں عبدالمنان نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت کے پھول نچھاور کئے اور امام عالی مقام کی بارگاہ میں منقبت پیش کی۔ علامہ نور احمد نور ( ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن) نے شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کے حوالہ سے خصوصی کلام پیش کیا۔ کانفرنس میں خصوصی خطاب علامہ محمد اقبال فانی نے کیا جنہوں نے شان اہلبیت اور شہادت امام عالی مقام کے عنوان سے خوبصورت گفتگو کی۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض علامہ حافظ صداقت علی قادری نے سرانجام دیئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے صدر اعجاز احمد وڑائچ نے تمام علماء کرام اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام میں اوسلو کے علماء کرام نے کثیر تعدادمیں شرکت کی جن میں مفتی محمد زبیرتبسم (امام وخطیب غوثیہ مسلم سوسائٹی)، علامہ نجیب ناز(امام ورلڈ اسلامک مشن)، علامہ بلال احمد شاہ(امام غوثیہ مسلم سوسائٹی لورنسکونگ)، علامہ نور احمد نور(منہاج القرآن سنٹر درامن)، علامہ قاری نذیر احمد چشتی(امام بزم نقشبند)، علامہ حافظ مختیار احمد اور خصوصی طور پر اہل تشیع کے علامہ شمشاد احمد رضوی اور اہلیبیت ریڈیو کے سید سجاد حسین کاظمی شامل ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر مفتی محمد زبیر تبسم نے خصوصی دعا کرائی اور حاضرین کانفرنس کو لنگر حسینی پیش کیا گیا۔

رپورٹ: اعجاز احمد وڑائچ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top