مسیحی برادری پر حملہ 18 کروڑ عوام کی توہین ہے، ملک میں حکومت نام کی کسی شے کا وجود نہیں، جی ایم ملک

مورخہ: 10 مارچ 2013ء

غیر مسلموں کی جان و مال کی حفاظت نہ کر سکنے والوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں
ایک شخص کی ناپاک جسارت کی سزا پوری مسیحی برادری کو دینا ظلم ہے
پاکستان عوامی تحریک کے قائد مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں
تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کاپریس کلب کے باہر بادامی باغ سانحے کے خلاف پرزور احتجاج

تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر سینکڑوں افراد نے بادامی باغ سانحے کے خلاف پرزور احتجاج کرتے ہوئے ملک کی مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور غیر انسانی واقعہ کو ملک و قوم کے ماتھے کا بدنما داغ قرار دیتے ہوئے پاکستان کے خلاف گھنائونی سازش قرار دیا۔ تحریک منہاج القرآن کی ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئر کے ڈائریکٹر اور مسلم کرسچن ڈائیلاگ فورم کے کوآرڈینیٹر جی ایم ملک نے احتجاجی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 90 ممالک میں بسنے والے تحریک منہاج القرآن کے لاکھوں وابستگان اس دلخراش واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اس بیہمانہ، سفاکانہ اور بزدلانہ کارروائی پر انکے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ مسیحی برادری پر حملہ 18کروڑ عوام کی توہین ہے۔ ملک میں حکومت نام کی کسی شے کا وجود نہیں۔ مرکزی اور صوبائی حکومت مجرمانہ غفلت کاا رتکاب کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 32 سال قبل بین المذاہب روادری کے جس کام کا آغاز کیا تھا اس کا دائرہ اب عالمی سطح تک پھیل چکا ہے۔ اندرون اور بیرون ملک میں بسنے والے غیر مسلم ڈاکٹر طاہر القادری کو امن و محبت کا سفیر سمجھتے ہیں اور انکی کاوشوں کو نہایت عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ جی ایم ملک کے خطاب کے دوران طاہر القادری زندہ باد، مسلم مسیحی بھائی بھائی اور دہشت گردی بند کرو کے نعرے مسلسل لگتے رہے۔ مسیحی برادی کے کچھ نوجوان پنجاب حکومت کے خلاف بھی مختلف نعرے لگاتے رہے۔ جی ایم ملک نے کہاکہ غیر مسلموں کو محسن انسانیت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو حقوق عطا کر دئیے ہیں وہ ان سے قیامت تک کوئی نہیں چھین سکتا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مٹھی بھر شرپسندوں سے قانون کے تقاضوں کے مطابق سختی سے نمٹا جائے تاکہ آئیندہ کوئی اس طرح کی سفاکانہ حرکت کر کے ملک و قوم کی بدنامی کرنے کی جرات نہ کر سکے۔ تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیرمحمد ارشاد طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غیر مسلموں کی جان و مال کی حفاظت نہ کر سکنے والوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ پولیس کے ذریعے بستی خالی کرا کے شرپسندوں کو کھلی چھٹی دینے کے حکومتی عمل کو کیا کہا جائے۔ پنجاب میں ہونیوالی پولیس گردی کا یہ بدترین واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص کی ناپاک جسارت کی سزا پوری مسیحی برادری کو دینا ظلم ہے۔ بادامی باغ میں جو ہوا یہ نہ اسلام ہے نہ پاکستانیت۔ انہوں نے مسیحی برادری سے اپیل کی کہ وہ پر امن رہیں اور پنجاب حکومت املاک کے نقصان کا ازالہ کرے۔ گھروں کی تعمیر نو کے علاوہ متاثرین کی معقول مالی مدد کی جائے۔ مسیحی برادری پاکستان کا حصہ ہے، وطن عزیز کی ترقی اور تعمیر میں انکا خون پسینہ بھی لگا ہے اس لئیے انکے حقوق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر محمد افضل گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسیح بھائیوں کی املاک پر حملہ ریاست پاکستان کا چہرہ مسخ کرنے کی مذموم سازش ہے اس کے خلاف عوام پاکستان ڈٹ جائیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ سب کچھ موجودہ کرپٹ نظام کا شاخسانہ ہے جو نااہلوں کو مقتدر بناتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 17مارچ کو لیاقت باغ کے جلسہ میں ڈاکٹر طاہر القادری کی آواز سے آواز ملانا ہو گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد ملک میں بسنے والے غیر مسلموں کو انکے حقوق دلانے کیلئے ہے۔ ہمارے کارکنان مسیحی برادری کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری حافظ غلام فرید اسلام تو امن و محبت اور بھائی چارے کا مذہب ہے جو غیر مسلموں کے حقوق کی حفاظت کا درس دیتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کی امن و محبت پر مشتمل تعلیمات کو عام کیا جائے تاکہ دلوں سے نفرتوں کا خاتمہ ہو سکے۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top