مصر: جامعۃ الازہر میں زیر تعلیم منہاجین کا اعزاز

مورخہ: 11 مارچ 2013ء

مصر: کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی کے طالب علم صاحبزادہ ضیاء المصطفی مکی شاہ جمالی نے وزارت عدل مصراور جامعتہ الازہر کے تحت دارالافتاء، قاہرہ سے مفتی کورس کی ڈگری حاصل کر لی ہے۔ یہ کورس مصرکے مفتی علامہ ڈاکٹر علی جمعہ محمد کی زیر نگرانی ہوا۔ یہ کورس تین سال پر محیط تھا۔ صاحبزادہ ضیاء المصطفی مکی الازہری ان اوائل منہاجین میں سے ہیں، جنھوں نے مفتی کورس میں اعلی اعزاز کے ساتھ ڈگری حاصل کی۔

اس کور س کی ڈگری کو بعض ممالک کی یونیورسٹیز نے M.phil کے مساوی قرار دیا ہے۔ کورس کے پہلے دو سال جامعۃ الازہر کے سینئر اساتذہ اور مفتیان کرام کے لیکچرز پر مشتمل ہوتے ہیں، آخری سال میں دار الافتاء المصریہ کے ماہر مفتیانِ کرام کی زیر نگرانی فتوی پر پریکٹس کروائی جاتی ہے جس میں ماہر اساتذہ اپنے علمی اور عملی تجربے کی روشنی میں طلبہ کو پریکٹس کرواتے ہیں۔

صاحبزادہ ضیاء المصطفی مکی نے 2001ء میں منہاج یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ 2005 میں الشھادۃ الثانویۃ مکمل کی اور اعلی تعلیم کے لیے مصر چلے گئے۔ 2009 میں الشھادۃ العالیۃ کالج آف اسلامک لاء (الازہر یونیورسٹی) سے مکمل کی، اور قاہرہ یونیورسٹی میں M.phil میں داخلہ لیا۔ مارچ 2013ء میں مفتی کورس میں اعلی اعزاز کے ساتھ ڈگری حاصل کی۔ اسی دوران مصر کے علاوہ شام، عراق، یمن، الجزائر اور انڈونیشیا کے علماء سے اکتساب فیض کیا۔

اس سلسہ میں 3 مارچ 2013 کو دارالافتاء کے کانفرنس ہال میں تقریبِ تقسیم اسناد منعقد کی گئی۔ اس تقریب سعید کے مہمانان گرامی میں سابق پرنسپل :فیکلٹی آف اسلامک لاء، جامعتہ الازہر سینئر ڈاکٹر محمد رافت عثمان، مشیر مفتی دیار المصریہ ڈاکٹر مجدی عاشور، ڈاکٹر محمد انور شلبی اور ڈاکٹر عمرو الوردانی شامل تھے۔ تقریب کا آغاز منہاجین طالب علم قاری سید خالد حمید کاظمی کی تلاوت سے ہوا۔ نعت کی سعادت امام المرغانی نے حاصل کی۔

کانفرنس میں خصوصی طور پر منہاجینز طلباء نے حافظ عرفان سھیل، حافظ خلیل احمد، عاصم ممتاز اور سید حسین شاہ کے ہمراہ بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے اپنی گفتگو میں فتوی کی اہمیت اور افتاء میں عدم سرعت پر زور دیا اوراسلامی معاشرے میں افتاء کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروگرام کے آخر پر مہمانان گرامی نے اعلی کارکردگی حاصل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ مصر میں موجود منہاجینز کے سربراہ ڈاکٹر غلام محمد قمرالازہری نے صاحبزادہ مکی کو خصوصی مبارکباد دی اور ان کو مزید ترقی کیلئے دعائیں دیں۔

رپورٹ: غلام صمدانی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top