ملک پر قابض 3 فی صد لوگوں کو ناکام کرنے کیلئے عوام دشمن انتخابی نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہوگی: رحیق احمد عباسی

مورخہ: 05 مئی 2013ء

پاکستان کے 97 فی صد وسائل پر 3 فی صد جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار اور نا اہل سیاستدان قابض ہیں۔
سیاستدانوںنے قومی سیاست کو فروغ دینے کی بجائے گروہی، علاقائی، لسانی اور مسلکی سیاست کا فروغ دیا۔
11 مئی کو تاجر، سیاسی و سماجی رہنما ملک دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کرنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کے 97 فی صد وسائل پر 3 فی صد جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار اور نا اہل سیاستدان قابض ہیں۔ ملک میں غریب روٹی، کپڑے اور مکان جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہے جبکہ امراء اور ٹیکس چور سیاستدان پر تعیش زندگی کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ ملکی ترقی کا ضامن ہر ادارہ روبہ زوال ہے۔ ساری قوم دہشت گردی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور ہوشرباء مہنگائی سے بے حال ہے اور لوگ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ آخراس زوال، انحطاط اور پستی نے ہمارے ہی ملک کو کیوں چن لیا ہے۔ پاکستان ترقی کیوں نہیں کر سکا جبکہ ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک ہم سے کہیں زیادہ مضبوط اور خوشحال ہیں۔

وہ گذشتہ روز راولپنڈی، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر عوامی تحریک راولپنڈی کے صدر ملک افضل، فاروق بٹ، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، غضنفر کھوکھر، راجہ منیر اعجاز، ملک طاہر جاوید، محمد نذیر ہزاروی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس ملکی زبوں حالی کی بنیادی وجہ ہمارا انتخابی نظام ہے جس کے تحت اقتدار میں آنے والے سیاستدانوں نے سیاست کو کھیل تماشا بنائے رکھا اور قومی سیاست کو فروغ دینے کی بجائے گروہی، علاقائی، لسانی اور مسلکی سیاست کا فروغ دیا۔ ملک و قوم کی خدمت کی بجائے حکومت و اقتدار کو اپنا مطمع نظر بنا لیا۔ قومی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اس بدحالی کی ایک بڑی وجہ عدم احتساب بھی ہے۔ ہر شخص مہنگائی کی چکی میں پستا رہا اور نا انصافی، خوف و ہراس، ظلم و ستم اور بد امنی کے سائے میں جیتا رہا مگر اس نظام جبر کے خلاف آواز بلند نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ہرکوئی مفاد پرستانہ، ظالمانہ جمہوریت کو بچانے پر لگا رہا اگر جمہوریت حقیقی ہوتی تو اور بات تھی مگر آمرانہ جمہوریت کو فروغ دینا درست عمل نہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ استحصالی، فرسودہ اور ظالمانہ نظام انتخاب نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جب تک عوام اس ظالمانہ نظام کو نہیں لپیٹیں گے اس وقت تک روشنی کی کوئی کرن دکھائی نہ دے گی۔ آج ساری قوم کو ملک پر قابض 3 فی صد لوگوں کو ناکام کرنے کیلئے اس انتخابی نظام کے خلاف عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو راولپنڈی، اسلام آباد کے تبدیلی کی خواہش رکھنے والے تاجر، سیاسی و سماجی رہنما اور عوام ملک دشمن نظام انتخاب کو دریا برد کرنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے۔ 11 مئی الیکشن والے دن پورے ملک میں عوام پر امن دھرنے دے کر اس انتخابی ڈرامے کو مسترد کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کے حقیقی نمائندوں کو اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانا ہے اگر عوام نے موجودہ نظام انتخاب کے تحت ووٹ ڈالے تو یہ اپنا مستقبل ایک بار پھر لٹیروں اور چوروں کے ہاتھوں میں بیچنے کے مترادف ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top