14 جنوری کو انقلاب کی اذان دی جا چکی، اب نماز ادا ہونا باقی ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین

مورخہ: 25 مئی 2013ء

تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو چند سیٹیں دے کر عوام کو ایک بار پھر بیوقوف بنایا گیا
کوئی سمجھتا ہے کہ اگلے انتخابات سے تبدیلی آ جائے گی تو وہ غلط ہے
ڈاکٹر طاہر القادری کی سوچ مثبت، صحیح اور درست سمت پر ہے
اگلے انتخابات اسی نظام کے تحت ہونگے جو ڈاکٹر طاہر القادری دیں گے
پاکستان عوامی تحریک کے 24 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری و دیگر کا خطاب

پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ 14 جنوری کو انقلاب کی اذان دی جا چکی ہے اب نماز ادا ہونا باقی ہے۔ 11 مئی کے جھرلو انتخابات کے بعد آج بھی اگر کوئی سمجھتا ہے کہ اگلے انتخابات سے تبدیلی آ جائے گی تو وہ غلط ہے۔ جس نظام نے صدیوں سے جکڑ رکھا ہے وہ اتنا سادہ نہیں کہ چار دن میں تبدیلی آ جائے۔ 11 مئی کو تبدیلی کے نام پر چند چہرے ضرور بدلے لیکن نظام نہیں بدلا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے قوم کے حقیقی مرض کی تشخیص پہلے ہی کر دی تھی۔ پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی جدوجہد نے کرپٹ عناصر کو ہلا کر رکھ دیا۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کو چند سیٹیں دے کر عوام کو ایک بار پھر بیوقوف بنایا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان تاریخ کا رخ موڑنا جانتے ہیں، جن کی زندگی کا مقصد انقلاب ہوتا ہے وہ انقلاب لائے بغیر چین سے نہیں بیٹھتے۔ آج پاکستان عوامی تحریک کا 24 واں یوم تاسیس ہے۔ یوم تاسیس عہد وفا کا دن ہوتا ہے۔ آج پاکستان کو بچانے کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ قوم کے سوئے ہوئے احساس کو بیدار کرنا ہو گا۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کو غلامی سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ اس جدوجہد میں عوام کو شریک کرنے کیلئے عوامی تحریک کے کارکن قریہ قریہ پھیل جائیں۔ متوسط طبقے کی قیادت کو آگے لانے کیلئے ہر فرد اپنی ذمہ داری کو سمجھے اور قیادت 3 فیصد سے چھین کر 97فیصد کو منتقل کی جائے اسی سے پاکستان حقیقی اسلامی اور جمہوری بنے گا۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے 24 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ سیمینا ر بعنوان ''بدلے کا نظام ۔۔۔بدلے گا پاکستان'' سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادر ی امت کیلئے جو درد رکھتے ہیں وہ ہر سینے کو منتقل کرنا ہو گا تا کہ پاکستانیوں کی خوشحالی اور عزت و وقار انہیں واپس مل سکے۔ معاشی غلامی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے جذبہ حب الوطنی کو بیدار کر کے استقامت سے عوام کو اقتدار منتقل کرنا ہو گا۔

اس موقع پر مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، خرم نواز گنڈا پور، سنیئر صحافی قیوم نظامی، حبیب اکرم، دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئر (ر) فاروق حمید، سنیئر تجزیہ کار کرنل (ر) حبیب اکرم، سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی، چیئرمین شیعہ پولیٹیکل پارٹی سید نوبہار شاہ، انوار اختر ایڈووکیٹ، بشارت عزیز جسپال، جواد حامد، ساجد بھٹی، چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ اورقاضی فیض الاسلام بھی موجود تھے۔

مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ اگلے انتخابات اسی نظام کے تحت ہونگے جو ڈاکٹر طاہر القادری دیں گے۔ عوام کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے محنت کرنا ہو گی۔ سیاست لوٹنے کا نہیں عوام کے مسائل کو حل کرنے کا نا م ہے مگر آج لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔

سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آج کا پاکستان قائداعظم کی سوچ سے تصادم ہے، نظام تعلیم بکھر چکا ہے، صحت کی سہولیات میسر نہیں، ظالمانہ نظام انتخاب نے قوم کو مسائل میں جکڑ رکھا ہے۔

چیئرمین شیعہ پولیٹیکل پارٹی سید نو بہار شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی سیاسی جدوجہد سے وہ دن دور نہیں جب اس ملک میں حقیقی جمہوریت اور تبدیلی آئے گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے مختلف گروہوں اور فرقوں میں بٹی اس قوم کی جس شیرازہ بندی کی میں اس پر انہیں سلام کرتا ہوں۔

سینیئر صحافی قیوم نظامی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی سوچ مثبت، صحیح اور درست سمت پر ہے۔ پاکستان بننے سے پہلے ہندو اور انگریز اس قوم کا استحصال کرتے تھے مگر اب اس ملک کے سرمایہ دار اور سیاستدان کرتے ہیں۔ تاریخ کے اس لمبے سفر کا صحیح ادراک صرف ڈاکٹر طاہر القادری نے دیا ہے اور وہ درست کہتے ہیں کہ اس قوم کا مقدر تب بدلے گا جب نظام بدلے گا۔

سنیئر صحافی حبیب اکرم نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کی ضرورت اصلاً تو نچلے طبقے کو ہوتی ہے جبکہ امیر طبقہ اسکی ضرورت ہی محسوس نہیں کرتا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) فاروق حمید نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی سیاسی جدوجہد میں میں نے جو ڈسپلن اور جوش جذبہ دیکھا میں اسے سلام پیش کرتا ہوں۔

سابق وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی نے کہا کہ چند ماہ پیشتر پاکستان میں نظام کو تبدیل کرنے کی آواز گونجی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی وہ آواز مایوس طبقے کے دلوں کی دھڑکن بن گئی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے انقلاب کی ابتدا کر دی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب تبدیلی اس ملک کے عوام کا مقدر بنے گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے 24 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر حسین محی الدین القادری اور دیگر قائدین نے کیک کاٹا۔ اس دوران ھال کارکنان کی تالیوں اور نعروں سے گونجتارہا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top