یہ تاثر عام ہے کہ عدل و انصاف اور جرم وسزا کا نظام ختم ہو گیا ہے۔ رحیق احمد عباسی

کسی دہشت گرد کو سزا نہیں ملی اور کسی کرپٹ سے ریکوری نہیں ہوئی
ماتحت عدالتوں میں رشوت ستانی کا بازار گرم ہے
اہم کیسوں کی سماعت کے دوران میڈیا میں ہیجان پیدا کیا گیا مگر کوئی نتیجہ سامنے نہیں آ سکا

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ یہ تاثر عام ہو گیا ہے کہ عدل و انصاف اور جرم وسزا کا نظام ختم ہو گیا ہے۔ عدالتیں من پسند کیسوں کی سماعت کرتی ہیں اور پروسیڈنگ کے دوران ریمارکس اور فیصلے ایسے دئیے جاتے ہیں جن سے صرف ہیڈ لائنز بنتی ہیں۔ گذشتہ چند سالوں سے عدلیہ کے آزاد ہونے کا دعویٰ تو ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ ایک قاتل کو پھانسی نہیں ہوئی، کسی دہشت گرد کو سزا نہیں ملی اور کسی کرپٹ سے ریکوری نہیں ہوئی، دہشت گرد عدالتوں سے باعزت بری ہوتے رہے ہیں۔ آج کل عدالتوں سے دہشت گردوں کا فرار معمول بن چکا ہے۔ وہ گذشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں وکلاء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کا نظام بھی درست انداز میں کام نہیں کر رہا۔ ماتحت عدالتوں میں رشوت ستانی کا بازار گرم ہے۔ اچھا وکیل کرنے کی بجائے جج سے معاملہ طے کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بدامنی کیس، NRO، رینٹل پاور، میموگیٹ، ایبٹ آباد، CNG اور GST کیسوں کی سماعت کے دوران میڈیا میں ہیجان پیدا کیا گیا مگر کوئی نتیجہ سامنے نہیں آ سکا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ نظام انتخاب کی تبدیلی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ تبدیلی نظام ہی پاکستان میں انصاف اور دیگر عوامی حقوق کو یقینی بنائے گا اس کیلئے عوامی تحریک عید الفطر کے بعد ملک گیر عوامی بیداری شعور مہم کا آغاز کرے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top