سپین: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا دورہ سپین

مورخہ: 26 جون 2013ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر اور ڈاکٹر طاہر القادری کے بڑے صاحبزادے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے دورۂ یورپ کے آخری مرحلہ میں بارسلونا، سپین کا مختصر دورہ کیا، جہاں انہوں نے محض 27 گھنٹوں کے قیام کے دوران منہاج القرآن کی مقامی تنظیمات کی طرف سے منعقد کردہ 8 سے زائد مختلف پروگرامز میں شرکت کی جن میں مقامی اسلامک سنٹرز و مراکز کا دورہ، مقامی ہسپانوی و پاکستانی معززین کے ساتھ ملاقات اور ظہرانہ، عظیم الشان پیغام امن کانفرنس سے خطاب، رفقاء و عہدیداران سے خطاب اور مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عہدیداران میں اعزازی اسناد کی تقسیم وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بارسلونا کے پاکستانی صحافیوں سے بھی خصوصی ملاقات کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔

بارسلونا انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر استقبال:

26 جون 2013ء کی صبح ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، منہاج یورپین کونسل کے صدر چوہدری اعجاز احمد وڑائچ، سیکریٹری جنرل محمد بلال اپل، جوائنٹ سیکرٹری چن نصیب اور ناظم ویلفیئر حافظ اقبال اعظم کے ہمراہ بارسلونا انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پہنچے تومنہاج القرآن سپین کے ممبران نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی اور صدر مرزا محمد اکرم بیگ نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکرٹری جنرل نوید احمد اندلسی، نائب صدر ظل حسن قادری، صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری، صدر منہاج یوتھ لیگ بلال یوسف، خرم شبیر، محمد عتیق اور محمد آصف قادری بھی موجود تھے۔ بارسلونا ائر پورٹ سے مہمانانِ گرامی کو قافلے کی صورت میں منہاج اسلامک سنٹر اوسپتالیت لیجایا گیا۔

منہاج اسلامک سنٹر اوسپتالیت کا دورہ:

بارسلونا کے مضافاتی شہر اوسپتالیت میں واقع منہاج اسلامک سنٹر پہنچنے پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر منہاج القرآن اوسپتالیت کے قائدین نے انہیں پھول پیش کئے جبکہ نوجوان طلباء کی طرف سے گلپاشی کی گئی۔مقامی تنظیم کے صدر حاجی زاہد اختر زاہدی نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو منہاج اسلامک سنٹر کے قیام کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہیں سنٹر کے مختلف گوشوں کا دورہ کروایا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مقامی عہدیداران سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انہیں انتہائی مختصر وقت میں اتنے عظیم الشان مرکز کی تعمیر و تکمیل پر خصوصی مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ مرکز مقامی مسلمان کمیونٹی کی فلاح و بہبود، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرا لقادری کے پیغام امن و محبت اور دین اسلام کی ترویج کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج اسلامک سنٹر اوسپتالیت کے قیام کا ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا جس کا انتظام منہاج القرآن اوسپتالیت کی انتظامیہ کی طرف سے کیا گیا تھا۔اوسپتالیت سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور منہاج القرآن یورپ کے قائدین کو بارسلونا میں واقع ان کی رہائش پر لیجایا گیاجہاں کچھ دیر آرام کے بعد وہ بادالونا میں منہاج القرآن کے سنٹر کے دورہ کے لیے روانہ ہوئے۔

منہاج اسلامک سنٹر بادالونا کا دورہ:

سہ پہر 3 بجے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، مقامی قائدین کے ہمراہ بارسلونا کے مضافاتی شہر بادالونا میں واقع منہاج اسلامک سنٹر میں پہنچے تو منہاج القرآن بادالونا کے قائدین نے ان کا شاندار استقبال کیا، مقامی تنظیم کے صدر آفتاب حسین ابرار نے گلدستہ پیش کیا، اس موقع پر منہاج یوتھ لیگ بادالونا کے نوجوانوں کی طرف سے گلپاشی کا منظر دیدنی تھا۔اگلے مرحلے میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مقامی تنظیم کے تمام افراد کے ساتھ فرداً فرداً مصافحہ کیا، اس موقع پر کثیر تعداد کے باوجود منہاج القرآن بادالونا کے ممبران کا نظم و ضبط قابل ستائش تھا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے مختصر خطاب میں قرآن و حدیث کی روشنی میں مساجد کی تعمیراور انہیں آباد کرنے والوں کا اجر بیان کیا، انہوں نے ابتدائے اسلام میں تعمیر کی گئی مختلف مساجد کے واقعات بھی بیان کیے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اہل بادالونا کو اللہ کے گھر کو تعمیر کرنے اور اسے آباد کرنے پر خصوصی مبارک باد بھی دی۔

قرطبہ ریسٹورنٹ (بادالونا) پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے اعزاز ظہرانہ:

منہاج اسلامک سنٹر بادالونا کے دورہ کے بعد ڈاکٹر حسن محی الدین قادری منہاج القرآن یورپ اور سپین کے قائدین کے ہمراہ قرطبہ ریسٹورنٹ (بادالونا) پہنچے جہاں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے ان کے اعزاز میں شاندار ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں تنظیم کے ایگزیکٹو ممبران کے علاوہ مقامی سپانش کمیونٹی کے رہنماؤں اور پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے بھی شرکت کی۔ ظہرانہ کی تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے امام قاری عبدالرزاق نے کیا جس کے بعد معروف ثناء خوان قدیر احمد خان نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی، اس موقع پر منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کا تعارف کروایا۔ بادالونا بلدیہ کے سابق ڈپٹی مئیر Josep Duran نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے خصوصی ملاقات کی۔ مقامی سپانش مہمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سوشلسٹ پارٹی کے رہنماء Javier Paredesاور مقامی کمیونٹی کے رہنماء Manuel Cortesنے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو خوش آمدید کہا اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے اپنے نیک جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس ظہرانہ میں شرکت کر کے بے حد مسرت ہوئی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی طرف سے پاکستانی کمیونٹی کے مقامی لوگوں اور تنظیمات سے اچھے تعلقات پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ ظہرانہ کے بعد مہمانوں کو واپس بارسلونا رہائش گاہ پر لیجایا گیا جہاں پر انہوں نے مختصر قیام کیا۔

بارسلونا میں پیغام امن کانفرنس سے خطاب:

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے 26 جون 2013ء کی شام بارسلونا کے Apolo Hotelکے وسیع و عریض کانفرنس ہال میں پیغام امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں بارسلونا اور گرد و نواح کے شہروں سے پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت منہاج اسلامک سنٹر اوسپتالیت کے امام و خطیب حافظ محمد عابد نقشبندی نے حاصل کی جس کے بعد الحاج قاری عبدالرحمان، محمد تنزیر الرحمان اور قدیر احمد خان نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی، نقابت کے فرائض نوید احمد اندلسی اور حافظ اقبال اعظم (الازہری) نے سرانجام دیے۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کانفرنس ہال پہنچے تو شرکاء نے کھڑے ہو کر نعروں کی گونج میں ان کا استقبال کیا، اس موقع پر بارسلونا کی بنگلہ دیشی کمیونٹی کی طرف سے انہیں پھول پیش کئے گئے، کانفرنس میں کاتالونیا کی سوشلسٹ پارٹی کے مرکزی رہنماء Jose Maria Sala نے خصوصی شرکت کی انہوں نے اپنی گفتگو میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو خوش آمدید کہا اور منہاج القرآن سپین کے کام اور سرگرمیوں کی تعریف کی۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دین اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور اس پر عمل کرنے پر مسلمان امن کا پیکر ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور تحریک منہاج القرآن کا پیغام امن و سلامتی کا پیغام ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت رکھنے والی مختلف چیزوں کی قسم کھائی ہے۔ کانفرنس کا اختتام درود و سلام اور خصوصی دعا سے ہوا۔

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں استقبال:

نماز عشاء کے بعد ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، تحریک کے یورپی قائدین اور منہاج القرآن سپین کے صدر محمد اکرم بیگ کے ہمراہ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا پہنچے تو منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں نے گلپاشی کی اور منہاج نعت کونسل کے صدر حافظ محمد عاطف احتشام نے اپنے ٹیم کے ہمراہ Welcome Welcome Hassan Qadri کے ترانے کے ذریعے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں رفقاء و وابستگان سے خطاب:

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام نماز عشاء کے بعد منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں رفقاء و وابستگان کے لیے خصوصی تربیتی نشست منعقد کی گئی، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ذمہ داران، منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں، منہاج ویمن لیگ کی عہدیداران اور بارسلونا، بادالونا، اوسپتالیت، لوگرونیو اور دیگر شہروں سے منہاج القرآن کے وابستگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس تربیتی نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام الٰہی سے حافظ محمد بلال نے کیا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت منہاج نعت کونسل کے نوجوانوں نے حاصل کی جنہوں نے دف کے ساتھ انتہائی خوبصورت انداز میں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، تربیتی نشست میں نقابت کے فرائض نوید احمدا ندلسی نے سر انجام دیے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن سپین کے رفقاء و وابستگان کے ساتھ اپنی گفتگو میں انہیں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پیغامِ فلاحِ انسانیت، امن و محبت اور اخوت و بھائی چارہ کو عام کرنے اور تحریک کی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سر انجام دینے کی تلقین کی، انہوں نے کہا کہ دین اسلام اور مصطفوی مشن کی دعوت دینا فقط علماء کا کام نہیں بلکہ ہر مسلمان اور ہر تحریکی پر لازم ہے۔

اسناد کی تقسیم اور ممبران سے ملاقات:

رفقاء وابستگان سے تربیتی خطاب کے بعد ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مختلف شعبہ جات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی تنظیمات اور ممبران کو اسناد حسن کارکردگی سے نوازا جن میں منہاج القرآن بارسلونا، منہاج القرآن بادالونا، منہاج القرآن اوسپتالیت، منہاج القرآن لوگرونیو، منہاج یوتھ لیگ سپین، منہاج نعت کونسل، منہاج ویمن لیگ سپین، محمد نواز کیانی، ظل حسن قادری، نوید احمد اندلسی، محمد اقبال چوہدری، محمد نواز قادری، محمد قدیر احمد خان، چوہدری پرویز اختر اورحاجی لیاقت علی شامل ہیں۔اس موقع پر منہاج القرآن میں شامل ہونے والے نئے ممبران کو ممبر شپ کے سرٹیفیکیٹ بھی دیے گئے۔منہاج القرآن اوسپتالیت کے قیام اور مسجد کی تعمیر کے سلسلہ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر حاجی زاہد اختر زاہدی کو خصوصی شیلڈ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ورکرز کنونشن میں شریک تمام ممبران سے فرداً فرداً ملاقات اور مصافحہ بھی کیا جس کے دوران شرکاء نے یادگار تصاویر بھی بنائیں۔

جامع مسجد منہاج القرآن (بارسلونا) کا افتتاح:

27 جون 2013 کی صبح ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا کا افتتاح کیا جس کے بعد سپین میں منہاج القرآن کے مراکز کی تعداد 5 ہو گئی ہے، اس موقع پر منہاج القرآن بارسلونا کے عہدیدران بھی موجود تھے جن میں مرزا محمد اکرم بیگ، نوید احمد اندلسی، ارشد محمود کھوکھر، محمد اقبال چوہدری اور دیگر شامل ہیں۔ اس مسجد کی تعمیر کے سلسلہ میں احسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے محمد اسحاق سیال کو خصوصی شیلڈ پیش کی گئی جو کہ انہوں نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے وصول کی۔

ذیشان ریسٹورنٹ بارسلونا پر معززین بارسلونا کے ساتھ ناشتہ:

27 جون 2013ء کی صبح منہاج القرآن بارسلونا نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے اعزاز میں مقامی ریسٹورنٹ پر ناشتہ کا اہتمام کیا جس میں خصوصی دعوت پر بارسلونا کی پاکستانی صحافی برادری اور کمیونٹی کے معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر صحافیوں کی طرف سے پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لیے ڈاکٹر طاہر القادری، تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کردار اور دنیا میں دین اسلام اور مسلمانوں پر دہشت گردی کے الزامات کے متعلق ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے مختلف سوالات کیے جس کے انہوں نے مفصل جوابات دیے۔ناشتہ پرہسپانوی مسلمانوں کے نمائندہ محمد یوسف نے بھی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے خصوصی ملاقات کی۔

بارسلونا سپین سے روانگی:

بارسلونا سپین میں مختصر قیام، مختلف پروگرامز و تقریبات میں شرکت اور بارسلونا کے تحریکی عہدیداران کے ساتھ یادگار لمحات گزارنے کے بعد ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اپنی اگلی منزل برطانیہ کی طرف روانہ ہو گئے۔ بارسلونا انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے قائدین نے انہیں الوداع کیا۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top