ڈاکٹر طاہرالقادری نے الیکشن کمیشن کے متعلق جن خدشات کا اظہار کیا وہ حقیقت بن کر پوری قوم کے سامنے آچکے ہیں۔ کنور دلشاد

مورخہ: 02 اگست 2013ء

آنے والا وقت بتائے گا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو بھی کیا قوم کے مفاد میں کیا۔ ایئرمارشل شاہد لطیف
حضرت علی رضی اللہ عنہ کے افکار و اقوال پر عمل پیرا ہو کر ہی امت مسلمہ اور پاکستانی قوم مسائل سے چھٹکارا حاصل کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر غضنفر مہدی
ماہ رمضان کے بعد پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گی۔ سردار منصور خان

پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے زیراہتمام منعقدہ افطار و ڈنر کے موقع پر سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ 23 دسمبر سے 17 جنوری تک ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے الیکشن کمیشن اور اس کی کارگردگی کے متعلق جن خدشات کا اظہار کیا وہ سب خدشات آج حقیقت بن کر پوری قوم کے سامنے آ چکے ہیں۔

ایئر مارشل شاہد لطیف نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو قدم بھی اٹھایا وہ پاکستان کی بقا اور سلامتی اور قوم کے مفاد کے لئے تھا۔ الیکشن کمیشن اور انتخابات کے متعلق ڈاکٹر طاہرالقادری نے جو نشاندہیاں کی تھیں آج دودھ کادودھ اور پانی کا پانی بن کر پوری قوم کے سامنے عیاں ہوچکی ہیں۔ آج پوری قوم جان چکی ہے کہ سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل اگر عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے الیکشن کمیشن پر جو اعتراضات اٹھائے گئے ان پر سنجیدگی کے ساتھ غور کر لیا جاتا اور الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کردی جاتی، امیدواروں کی سکروٹنی ہوجاتی، آرٹیکل 62, 63 پر عمل درآمد کیا جاتا تو آج ملک میں حالات کچھ اور ہوتے۔ آج تحریک انصاف کے چئیرمین سمیت دیگر سیاسی، مذہبی رہنما اور دانشور طبقہ بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کے مؤقف کی حمایت کرتا نظر آ رہا ہے۔

ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ امت مسلمہ کیلئے حضرت علی رضی اللہ عنہ کی ذات علم و معرفت کا خزینہ ہے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ شیر خدا علم و حکمت اور بصیرت کے وہ عظیم رجل ہیں جن کے ارشادات سے انسانیت ہمیشہ رہنمائی لیتی رہے گی۔ آج حضرت علی رضی اللہ عنہ کے افکار و اقوال پر عمل پیرا ہو کر ہی امت مسلمہ اور پاکستانی قوم مسائل سے چھٹکارا حاصل کرسکتی ہے۔ ہم پنجابی، سندھی، بلوچی اور پٹھان تو ہیں مگر پاکستانی نہیں رہے۔ آج گروہوں میں بٹے رہنے کی روش سے تائب ہو کر پھر سے قوم بننا ہو گا۔

سردار منصور خان نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے درست قیادت کا انتخاب نہیں ہو سکتا، عوام کو متفق ہو کر تبدیلی کی جدوجہد کا آغاز کرنا ہو گا۔ ماہ رمضان کے بعد پاکستان عوامی تحریک کی بیدارئ شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہونگے۔ حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کرادار ادا کرنا ہو گا۔

عمر ریاض عباسی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا ذمہ دار وہ مقتدر طبقہ ہے جو اقتدار پر براجمان ہے۔ پٹرولیم مصنوعات ، لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے تسلسل نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے جبکہ ہوشرباء مہنگائی نے ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

ابرار رضا ایڈووکیٹ نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہو گا اور ملک و عوام کو مسائل کی گرداب سے نکالنے کیلئے ایسی اجتماعیت کا ساتھ دینا ہو گا جو ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے سنجیدہ، مؤثر اور حقیقی جدوجہد کر رہی ہے۔

اس موقع پر عوامی تحریک اسلام آباد کے صدر فاروق بٹ، انصارملک، شاہد شنواری، مصطفی خان، ملک افضل، علامہ حیدر علوی، غلام مصطفی نورانی، حکیم طارق سردار کیانی، ڈی جی نیشنل لائبریری، نذیر چوہدری، ایازعباسی، مقصود عباسی اور دیگر عہدیداران و کارکنان اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top