پاکستان کسی فرد واحد کا نہیں بلکہ 18کروڑ غیور عوام کے پاس قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی امانت ہے۔ خرم نواز گنڈا پور

قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی سوچ اگر آج کے سیاستدانوں کی طرح ہوتی تو پاکستان شاید کبھی نہ بنتا
پاکستان کو قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کے مطابق جدید اسلامی، جمہوری و پارلیمانی ریاست بنانا ہو گا

پاکستان کسی فرد واحد کا ملک نہیں بلکہ 18کروڑ غیور عوام کے پاس قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی امانت ہیں۔ تحریک پاکستان کی کامیابی کا اصل راز یہ تھا کہ ہمارے لیڈر بکے نہیں تھے۔ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی سوچ اگر آج کے سیاستدانوں کی طرح ہوتی تو پاکستان شاید کبھی نہ بنتا۔ پاکستان میں آج سیاست ون مین شو بن کر رہ گئی ہے جو منشور اور پارٹیوں کی بجائے چند شخصیات کے گردگھومتی نظر آتی ہے۔ افسوس قیادت کیلئے جانشینی کا معیار رائج ہو چکا ہے۔ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ پاکستان کو جدید اسلامی، جمہوری، و فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے۔ آج پاکستان کو معرض وجود میں آئے 66سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا۔ افسوس ہم اب تک یہ مقاصد حاصل نہ کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں بانی پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے یوم وصال کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے تحت منعقدہ اس تقریب میں جی ایم ملک، جواد حامد، بشارت عزیز جسپال، سہیل احمد رضا، ساجد محمود بھٹی، چودھری افضل گجر، محمد ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید اور میاں زاہد جاوید بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آج قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے یوم وفات کے موقع پر ساری قوم کو عہد کرنا ہو گا کہ ہم سب مل کر پاکستان کو قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کے مطابق جدید اسلامی، جمہوری و پارلیمانی ریاست بنائیں گے۔ ساری قوم مل کر اس موجودہ، فرسودہ اور عوام دشمن نظام انتخاب کو بدلے گی تا کہ ملک کو حقیقی جمہوریت اور خوشحالی مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وہ اصل راستہ ہے جس پر چلتے ہوئے ہم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی روح کے سامنے سرخرو ہو سکتے ہیں اور یوم قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ منانے کا اصل طریقہ بھی یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی سے سبق سیکھ کر محنت و عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ ملک کے روشن مستقبل کیلئے ایسی بنیادیں رکھنا ہیں کہ آنیوالی نسلیں ہم پر فخر کر سکیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top