اجتماعی قربانی کا پہلا دن

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی پاکستان کے مختلف شہروں میں اجتماعی قربانی کی۔ عید کے پہلے روز مرکزی قربان گاہ پر سیکڑوں جانور قربان کیے گئے جن کا گوشت غرباء و مساکین میں تقسیم کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکزی قربان گاہ کا وزٹ کیا۔ بہترین انتظامات پر انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم اور رضاکاران کو سراہا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، نائب ناظم اعلی سید الطاف حسین شاہ گیلانی، ڈائریکٹر ویلفیئر سید امجد علی شاہ، ڈائریکٹر میڈیا قاضی فیض الاسلام، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جواد حامد اور دیگر عہدیداران آپ کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی معاشرے کے پسے ہوئے استحصال زدہ طبقے کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتی ہے۔ نفسانی خواہشات کے خلاف بند باندھنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے اس عمل سے فلاحی رویے پھوٹتے ہیں اور معاشرے سے انتہا پسندانہ منفی رجحانات کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ انتشار و افتراق سے تائب ہو کر امت مسلمہ جسد واحد بن جائے تا کہ وہ کھویا ہوا عروج دوبارہ پا سکے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مادیت کے اس دور میں قربانی کے فلسفہ سے رہنمائی لے کر روحانی و اخلاقی قدروں کے فروغ کیلئے پوری امت کو تحریک ملتی ہے۔ قربانی کا یہ فریضہ پوری انسانیت کو ایک دوسرے کی مدد کرنے کا عظیم پیغام بھی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل پیرا ہو کر مسلمانوں میں معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی تکلیف کا احساس اجاگر ہوتا ہے جومعاشرے میں مثبت قدروں کا باعث بنتا ہے۔ پوری دنیا کے مسلمان حج اور قربانی کے فریضہ کو ادا کر کے دنیا کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top