ایک کروڑ نمازیوں کی تیاری کا کام تیز کر دیاگیا۔ غضنفر کھوکھر

نظام کی تبدیلی کیلئے ہردروازہ کھٹکھٹانا کارکنوں پر فرض ہے

پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری غضنفر کھوکھر نے کہا ہے کہ جماعت ضرور ہوگی، کارکن ایک کروڑ نمازیوں کی تیار ی تیز کر دیں۔ لانگ مارچ کی اذان ہو چکی۔ انتخابی نتائج قوم کے سامنے حقائق کو آشکار کر چکے۔ کرپٹ نظام کے ہوتے کبھی تبدیلی نہ آسکے گی یہ عوام پر واضح ہو چکا ہے۔ اس لئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکن اپنا کام تیز کردیں۔ نظام کی تبدیلی کیلئے ہردروازہ کھٹکھٹانا کارکنوں پر فرض ہے۔ قائداعظم کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔ ملکی معیشت کو بیرونی قرضوں کی آکسیجن سے چلانے کی پالیسی ملک و قوم کو تنزلی کی پاتال کی طرف لے جا رہی ہے۔

وہ پاکستان عوامی تحریک اسلام آباد کے کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی ادارے جن شرائط پر قرض دیتے ہیں اس نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیاہے۔ اشیائے خورد و نوش تک کی قیمتوں کا کنٹرول عالمی مالیاتی اداروں کے پاس چلا گیا ہے۔ پاکستان کی معیشت کوسنبھالا دینے کے لئے ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ملک و قوم کے مفاد پر رائی کے دانے کے برابر بھی سمجھوتہ نہ کرے۔ ملک کے بہترین مفاد میں پالیسی صرف وہی قیادت وضع کرسکتی ہے جس نے عوام کو خوشحال، ملک کو معاشی اور سیاسی طورپر باوقار بنانے کا عزم مصمم کر رکھا ہو۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ نظام انتخابات کبھی اہل قیادت کو نظم ونسق سنبھالنے کاموقع نہیں دے گا۔ معاشی استحکام کے لئے ضروری ہے کہ استحصالی اور کرپٹ نظام انتخاب کواس کی جڑوں سمیت سیاست سے باہر پھینکا جائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top