تحریک منہاج القرآن ملک میں حقیقی اور سچی جمہوریت کے لیے کوشاں ہے۔ میاں کاشف محمود

فیصل آباد ( ) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن ملک میں حقیقی خوشحالی اور سچی جمہوریت کیلئے کوشاں ہے اس لئے ایک کروڑ ووٹرز نہیں بلکہ خدا کے حضور جھکنے والے نمازیوں کی جماعت کھڑی ہو گی جس سے حقیقی تبدیلی اور ملکی خوشحالی کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی ناظم میاں کاشف محمود، جنرل سیکرٹری رانا طاہر سلیم نے PP-71 کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں پیپلز پارٹی کے سرگرم کارکن محمد رمضان چشتی نے پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا، ان کو نائب ناظم تعلقات عامہ کی ذمہ داری دی گئی۔ اس موقع پر رانا غضنفر، عارف صدیقی، ملک عامر اقبال، حافظ رب نواز، ملک سرفراز قادری، غلام نبی قادری، سید حسنین شاہ، فیاض القادری، غلام محمد قادری و دیگر قائدین موجود تھے۔

میاں کاشف نے کہا کہ اشرافیہ ملک کے اقتدار پر قابض ہے اسے اسلام، عوام، پاکستان اور ملک و قوم کے مفاد سے کوئی غرض نہیں۔ یہ اپنی آئیندہ نسلوں کو معاشی تحفظ دینا چاہتے ہیں۔ انقلاب وقت کی ضرورت بن چکا اور تبدیلی ناگزیر ہو چکی اسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ 65 سالوں میں مقتدر طبقے نے مثبت تبدیلی کو روکا ہوا ہے۔ سابقہ اور موجودہ حکمران ویژن سے عاری ہیں اور پلاننگ نام کی کوئی شے انہیں چھو کر نہیں گزری، اس لئے انہیں کرپٹ نظام سمیت عوامی سیلاب میں بہانا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اب زیادہ تاخیر نہیں کریں گے، بہت جلد عوام اپنے حقوق کے حصول کے لئے سڑکوں پر ہوں گے۔

رانا طاہر سلیم نے کہا کہ کارکن تیاری تیز کر دیں۔ پاکستان عوامی تحریک تمام معاملات پر نگاہ رکھے ہوئے ہے اس نے عوام کا مقدر بدلنے کا ایسا عزم کر رکھا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ مثبت تبدیلی لا کر پاکستان کو دنیا کے گلوب پر باوقار، خوشحال اور سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنا کر دم لیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top