ڈسکہ: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس

تحریک منہاج القران تحصیل ڈسکہ کے زیر اہتمام پیغام حسین علیہ السلام  کانفرنس چاند میرج ہال کالج روڈ ڈسکہ میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت عبد الرحمن بھٹی اور حاجی محمد سلیم سلہری نے کی۔ کانفرنس میں ساجد محمود بھٹی کی خصوصی شرکت کے علاوہ پوری تحصیل سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

محمد اسلم بسراء قادری (صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل ڈسکہ )نے اپنے استقبالیہ کلمات میں آنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہزاروں افراد نے کانفرنس میں شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ تحصیل ڈسکہ کی عوام شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی اقتدا میں انقلاب کے لیے ہونے والی کروڑ نمازیوں کی جماعت کی اگلی صفوں میں ہوگی۔

اس موقع پر خصوصی خطاب صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی کا ہوا انہوں نے کہا امام عالی مقام امام حسین علیہ السلام  کا اختلاف فقط ایک یزید کے ساتھ نہیں تھا بلکہ اس یزیدی نظام کے ساتھ تھا جو بد بخت یزید نے بنایا تھا تاکہ اس کے ذریعے نااہل اور بددیانت لوگ حکمران بن سکیں امام عالی مقام نے اپنا سب کچھ لٹا کر یہ شعور دیا جب بھی ایسا ظالمانہ یزیدی نظام ہو گا تو امام حسین علیہ السلام  کے ماننے والے اپنا سب کچھ لٹا کر یزیدی نظام تباہ و برباد کر دیں، اس وقت ہمارے ملک میں یہی یزیدی نظام ہے جس کے ذریعے کبھی بھی کوئی ایماندار اور شریف آدمی آگے نہیں آ سکتا۔ شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اس نظام کے خلاف اعلانِ جنگ کر دیا ہے انشاء اللہ بہت جلد اس نظام کا خاتمہ ہو گا اور مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہو گا۔

کانفرنس میں ہزاروں خواتین اور مردوں نے ہاتھ اُٹھا کر یہ عہد کیا کہ شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی اس جدوجہد میں اپنا سب کچھ لٹا دیں گے، کانفرنس میں خصوصی دعا علامہ محمد شریف منڈ صاحب نے کی۔ اختتام پر ساجد محمود بھٹی (زونل نگران ) نے تحصیلی تنظیم کے ساتھ خصوصی ملاقات کی، اُنہیں بریفنگ دی اور دیے گئے ٹارگٹ کا فالو اَپ کرتے ہوئے  مصطفوی کارکنان کے ٹارگٹ کی تیاری کا جائزہ لیا اور کانفرنس کی کامیابی پر تمام عہدیدران کو مبارکباد پیش کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top