سرمایہ کاری اور زر مبادلہ کو پاکستان واپس لانے کے نام پر حکومت نے تاریخی ڈاکہ ڈالا۔ خرام نواز گنڈاپور

وفاقی وزیر خزانہ زر مبادلہ باہر بھیجنے والے بینکوں سے واقف ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے
حکومت صرف وعدوں کی بجائے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کیوں نہیں اٹھاتی
ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کیلئے ضروری اور عملی اقدامات کئے جائیں۔ خرم نواز گنڈا پور

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت امن و امان، توانائی کی قلت اور سنگین ترین معاشی بحرانوں کا شکار ہے۔ معاشی بحران اس قدر بگڑ چکا ہے کہ قومی خزانے میں زر مبادلہ کا ذخیرہ صرف 3 ارب ڈالر رہ گیا ہے۔ ڈالر کی قیمت بے قابو ہو کر 110 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ملکی معیشت کی زبوں حالی، زر مبادلہ میں کمی، روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی میں مسلسل اضافہ جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ مہنگائی کا سب سے بڑا سبب ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہے۔ اس صورت حال میں حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور زر مبادلہ کو پاکستان واپس لانے کے نام پر حکومت کی طرف سے جونیا ڈاکہ ڈالا گیا ہے اسکا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔

وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پاکستان عوامی تاجر اتحاد کے تحت منعقدہ سیمینار بعنوان ’’ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز اور انکا حل‘‘ سے خطا ب کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، حاجی محمد اسحق، سلطان چودھری، شہزاد رسول اور تاجر تنظیموں کے رہنماؤں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا کہ وہ سٹے بازی اور خلاف قانون طریقے سے زر مبادلہ باہر بھیجنے والے بینکوں سے خوب واقف ہیں۔ اگر ایسا ہے تو وزیر خزانہ صرف بیانات کی بجائے ان عناصر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے رجحان کو فروغ دینے کیلئے ضروری ہے کہ جذبہ حب الوطنی کو بھی اجاگر کیا جائے اور ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کیلئے ضروری اور عملی اقدامات کئے جائیں۔ احتساب کے موثر نظام کو بھی وجود میں لایا جائے۔ یہ وہ حکومتی وعدے ہیں جنہیں پورا کرنے میں حکومت اب تک ناکام دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک بدترین کرپشن اور قیامت خیز مہنگائی کے خلاف 29 دسمبر سے ملک گیر احتجاجی ریلیوں کا آغاز کر رہی ہے۔ ملک بھر سے بچے، بوڑھے اور جوان ان ریلیوں میں شریک ہو کر ڈاکٹر طاہر القادری کی جماعت انقلاب کے نمازی بننے کا اعلان کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top