ماضی قریب میں پاکستان عوامی تحریک نے ثابت کیا ہے کہ وہ دوسروں کی بیساکھیوں کی محتاج نہیں ہے۔ داؤد مشہدی

لندن (پ ر) پاکستان عوامی تحریک برطانیہ کے مرکزی رہنما داؤد مشہدی نے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کی تردید کی ہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور آل پاکستان مسلم لیگ کے درمیان موجودہ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کے لیے کوئی ڈیل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں پاکستان عوامی تحریک نے ثابت کیا ہے کہ وہ دوسروں کی بیساکھیوں کی محتاج نہیں ہے۔ گزشتہ سال بھی انتخابات سے قبل پاکستان کی مالدار ترین شخصیت کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن عوام نے میڈیا کے ذریعے دیکھا کہ طاہرالقادری کو دنیاوی خزانوں سے خریدنا ناممکن ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے اپنانے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے اور منفی پراپیگنڈے پر توانائیاں خرچ کرنے کی بجائے پاکستان کی معیشت کو تباہ ہونے سے بچانے کے لیے توجہ دینی چاہیے۔

داؤد مشہدی کا کہنا تھا پاکستان عوامی تحریک کی مہنگائی کے خلاف شروع ہونے والی تحریک نے ابھی سے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں لیکن ملکی دولت پر ذاتی جاگیریں بنانے والے یاد رکھیں کہ پاکستانی عوام کا سیاسی شعور بہت بلند ہو چکا ہے اور ان کے جھوٹے انتخابی وعدوں سے اب عوام متنفر ہو چکے ہیں۔ اب وہ وقت بہت قریب آتا جا رہا ہے جب پاکستان بھر سے سماجی ومعاشی ظلم و ستم کے شکار پسے ہوئے ایک کروڑ لوگوں کا جم غفیر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں نام نہاد عوامی نمائندوں سے اپنے حقوق چھیننے کے لیے ان کے دروازوں پر دستک دے گا۔

داؤد مشہدی نے کہا ہے کہ ہمارا مستقبل بھی ہمارے ماضی ہی کی طرح ان شاء اللہ شفاف ہو گا۔ جدید ترین میڈیا، ادارے اور سیاسی پارٹیاں لاکھ جتن کر چکیں لیکن وہ کبھی بھی اس بات کو ثابت نہ کر پائی ہیں نہ کر سکیں گی کہ پاکستان عوامی تحریک کسی کی دولت یا اشاروں پر چلتی ہے۔ یہ عوام کی جماعت ہے جو عوام کے حقوق کے لیے لڑتی رہے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top