تحریک منہاج القرآن نے لاہور شہر کے چوکوں میں استقبال ربیع الاول کے کیمپ لگا دیے

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں استقبال ربیع الاول کے پر مسرت موقع پر 23 بکروں کی قربانی کی گئی۔ لاہور شہر کے 50 چوکوں میں تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کیمپ لگا دئیے گئے۔ کیمپوں کو خوبصورت بینرز، جھنڈیوں، غباروں، اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پوسٹرز اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

گزشتہ روز امیر لاہور ارشاد احمد طاہر، حافظ غلام فرید، حفیظ اللہ جاوید اور ثناء اللہ خان نے کیمپوں کا دورہ کیا اور کارکنوں کی ان کاوشوں کو سراہا۔ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی منہاج القرآن یوتھ لیگ کے کارکنوں نے کیمپ سجانے کا آغاز کر دیا تھا اور یکم ربیع الاول کی صبح نماز فجر کے بعد سے ولادت نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے اہلیان لاہور کو مبارکبادیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔

تحریک منہاج القرآن کے وابستگان اور کارکنان پوری دنیا اور ملک بھر میں ربیع الاول شریف کی آمد کی خوشیاں منا رہے ہیں۔ ہر جگہ محافل میلاد کا آغاز ہو گیا ہے۔گھروں، دکانوں، بازاروں اور شاہراؤں کو سجانے کے سلسلے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ مینار پاکستان پر ہونے والی 30 ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں اور انتظامات بھی زور و شور سے جاری ہیں۔ شدید سرد موسم کے باوجود مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں مرد وخواتین شرکت کر کے اپنے آقا ومولیٰ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ عشق و محبت کا اظہار کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top