کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔ خرم نواز گنڈا پور

کرپشن ملک سے توانائی کا بد ترین بحران ختم ہونے نہیں دیتی
نوجوان پاکستان میں حقیقی تبدیلی اورملکی ترقی و خوشحالی میں کیلئے کردار ادا کریں

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ حکومتی اداروں میں پائی جانیوالی بے انتہا ’’کرپشن‘‘ وہ دیمک ہے جس نے قومی وسائل ہی کو ہڑپ نہیں کیا بلکہ اسلام کے نام پر حاصل ہونے والے اس ملک کی اخلاقی قدروں کو بھی بری طرح پامال کیا ہے۔ اب حالات یہ ہو گئے ہیں کہ کرپشن کو معاشرے میں برائی سمجھا ہی نہیں جاتا۔ ہمارے معاشرے میں رائج انہی رویوں نے کرپشن کی جڑوں مضبوط کیا ہے۔ پاکستان کا بہترین دماغ ملکی پالیسیاں بنانے میں شامل نہیں جو بڑاالمیہ ہے۔ جب تک غلامانہ پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا پاکستان کی سا لمیت کو خطرات رہیں گے۔ پاکستانی فوج، بیوروکریسی، عدلیہ، پارلیمنٹ اور میڈیا ایسے ادارے ہیں جو اپنی ذمہ داریوں کو پہچان کر انہیں صحیح طور پر ادا کریں اور کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنا دیں تو چند سالوں میں پاکستان مسائل کی دلدل سے باہر نکل کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکتاہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام سیمینار ’’پاکستان کو درپیش بحران اور وجوہات ‘‘کے موضوع پر خطاب کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر شعیب طاہر، عتیق چودھری، حافظ وقار احمد حافظ غلام فرید، میاں افتخار و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کرپشن ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔ زکوۃ و عشر سے لے کر تعلیم تک، آمد و رفت سے لے کر احتساب تک پاکستان کا کوئی ایک محکمہ بھی ایسا نہیں جسے کرپشن سے مبرا قرار دیا جا سکے۔ اسی کرپشن کے باعث 80 ملین پاکستانیوں کودو وقت کا کھانا بھی میسر نہیں۔ اسی کرپشن کی وجہ سے غربت میں کمی کی بجائے روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور یہی کرپشن نا انصافی کا شکار ہونے والوں کو بر وقت انصاف مہیا نہیں ہونے دیتی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے اثرات نے غریب معصوم بچوں سے ان کا بچپن چھین کر انہیں مزدور بنا دیا ہے اور اسی کرپشن نے بے روزگاری میں اضافہ کر کے نوجوانوں کو جرائم کا راستہ دکھایا ہے۔ خرم نوا ز گنڈا پور نے کہا کہ کرپشن ملک سے توانائی کا بد ترین بحران ختم ہونے نہیں دیتی۔ کرپشن ہی وہ زہر ہے جس نے معاشرے کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ زندہ قومیں کرپشن کے خلاف جنگ کرتی ہیں۔ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت اسے خطے میں نمایاں مقام دلاتی ہے مگر حکمرانوں کی پالیسیاں اسے علاقائی طور پر مضبوط بنانے کی بجائے کمزور اور دنیامیں تنہا کررہی ہیں جسکی وجہ پاکستان میں حقیقی قیادت کا نہ ہوناہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا حقیقی سرمایہ اور مستقبل ہیں، نوجوانوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی اورملکی ترقی و خوشحالی میں کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر طاہر القادری ہی ایسی قیادت ہیں جو ملک کو ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top